کربلائے معلیٰ میں موکب "ملکۃ الشام، السیدہ زینب سلام اللہ علیہا" کے ذریعہ قطیف کے شیعوں کی 15 سالہ خدمت

سعودی عرب کے مشرقی علاقہ کے شہر قطیف سے تعلق رکھنے والے شیعوں کا ایک گروہ گزشتہ تقریباً 15 سال سے کربلائے معلیٰ میں "ملکۃ الشام، السیدہ زینب سلام اللہ علیہا” کے نام سے موکب قائم کرکے ایامِ اربعین میں حضرت اباعبداللہ الحسین علیہ السلام کے زائرین کی خدمت انجام دے رہا ہے۔
یہ گروہ گزشتہ 30 سال سے عتباتِ عالیات کی زیارت کا شرف حاصل کر رہا ہے۔ عراقی عوام کی میزبانی اور زائرین کی خدمت کے جذبے سے متاثر ہوکر انہوں نے 2011ء سے کربلائے معلیٰ میں باقاعدہ یہ موکب قائم کیا۔
ابتدا میں اس موکب کی خدمات صرف پانی اور چائے کی سادہ پذیرائی تک محدود تھیں، لیکن گزشتہ برسوں کے دوران خدام اور نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی شمولیت کے باعث اس کی سرگرمیوں میں نمایاں وسعت آئی ہے۔
شیعہ خبر رساں ایجنسی کے مطابق، آج اس موکب میں 40 خادمین خدمات انجام دے رہے ہیں اور یہاں دو مہمان خانے بھی قائم ہیں۔ موکب کی جانب سے روزانہ تقریباً 5 ہزار گرم اور روایتی سعودی کھانوں کے پیکٹ تیار کرکے زائرین میں تقسیم کیے جاتے ہیں، جبکہ پورے ایامِ خدمت کے دوران یہ تعداد مجموعی طور پر تقریباً 60 ہزار کھانوں تک پہنچ جاتی ہے۔
ان تمام خدمات کے اخراجات موکب کے اراکین اپنے ذاتی تعاون اور رضاکارانہ طور پر خود برداشت کرتے ہیں۔
اس موکب کی ایک نمایاں خصوصیت یہ بھی ہے کہ بچوں اور نوجوانوں کو بھی زائرین کی خدمت میں شریک کیا جاتا ہے، جس کے ذریعہ خدمتِ زائرین اور اربعین کی اس عظیم ثقافت کو نئی نسل تک منتقل کرنے کی مؤثر کوشش کی جا رہی ہے۔




