خبریں

عراق میں 48 لاکھ 87 ہزار سے زائد غیر ملکی زائرین کی آمد

عراق کے سکیورٹی میڈیا یونٹ کے ماتحت اربعین کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ یکم محرم سے اب تک 48 لاکھ 87 ہزار 660 غیر ملکی زائرین اربعینِ حسینی میں شرکت کے لئے عراق پہنچ چکے ہیں۔

عراقی سرکاری خبر رساں ایجنسی واع (INA) کے مطابق، دنیا کے مختلف ممالک سے زائرین کی کربلائے معلیٰ آمد کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور ہر روز زائرین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

بیان کے مطابق، زیارتِ اربعین کے لئے تیار کئے گئے جامع سکیورٹی، خدماتی اور ٹریفک منصوبوں پر تمام متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون اور عراقی وزیرِ اعظم کی براہِ راست نگرانی میں عمل درآمد جاری ہے۔

ان اقدامات کا مقصد زائرین کی آمد و رفت کو آسان بنانا، سرحدی گزرگاہوں اور مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانا، اور لاکھوں زائرینِ امام حسین علیہ السلام کے لئے ایک محفوظ، پُرامن اور منظم ماحول فراہم کرنا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام سکیورٹی فورسز اور خدماتی ادارے پہلے سے طے شدہ منصوبے کے مطابق، اعلیٰ کمیٹی برائے ملیونی زیارات کی نگرانی میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔

زائرین کی مسلسل بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر کربلا جانے والے تمام راستوں پر سکیورٹی، انتظامی اور لاجسٹک انتظامات کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے، تاکہ حضرت سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کے عزاداروں کو اس عظیم مذہبی اجتماع کے اختتام تک بہترین سہولیات اور خدمات فراہم کی جا سکیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button