اربعین 1448ھ: کربلا میں تقریباً دو کروڑ زائرین کی آمد، روضۂ حضرت عباس علیہ السلام نے سرکاری اعداد و شمار جاری کر دیے

کربلا: روضۂ حضرت عباس علیہ السلام کی جنرل سیکریٹریٹ نے اربعینِ امام حسین علیہ السلام کے موقع پر کربلا مقدسہ آنے والے زائرین کے سرکاری اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یکم صفر سے 20 صفر 1448ھ (4 اگست 2026ء) شام 6 بجے تک شہر میں داخل ہونے والے زائرین کی تعداد 1 کروڑ 99 لاکھ 99 ہزار 870 ریکارڈ کی گئی۔
روضۂ حضرت عباس علیہ السلام کے مطابق یہ اعداد و شمار مصنوعی ذہانت (AI) سے لیس جدید الیکٹرانک نظام کے ذریعہ مرتب کئے گئے، جس کے تحت کربلا مقدسہ کے پانچ مرکزی داخلی راستوں پر آنے والے زائرین کی گنتی کی گئی۔ ان راستوں میں بغداد–کربلا، بغداد–الجمالیہ، نجف–کربلا، بابل–کربلا اور حسینیہ–کربلا شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ زائرین کی گنتی کا یہ نظام روضۂ حضرت عباس علیہ السلام کے شعبۂ مواصلات کی نگرانی میں مسلسل دسویں سال استعمال کیا گیا، جبکہ زائرین کو فراہم کی جانے والی طبی، خدماتی اور دیگر سہولیات کا شماریاتی و تجزیاتی جائزہ مرکز الکفیل برائے معلومات و شماریاتی مطالعات نے مرتب کیا۔
روضۂ حضرت عباس علیہ السلام نے اپنے بیان میں امام زمانہ حضرت حجت بن الحسن عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، مراجعِ عظام اور عالمِ اسلام کی خدمت میں اربعینِ امام حسین علیہ السلام کی مناسبت سے تعزیت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام زائرین کی زیارات و عبادات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، انہیں ہر آفت سے محفوظ رکھے اور سلامتی کے ساتھ ان کے وطن واپس پہنچائے۔
روضۂ حضرت عباس علیہ السلام نے اس موقع پر گزشتہ برسوں کے مقابلے میں اربعین کے زائرین کی تعداد کا تقابلی جدول بھی جاری کیا ہے، جس سے ہر سال زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔




