اربعین حسینیپاکستان

کراچی میں شبِ چہلم پر عقیدت و احترام کے ساتھ مجالسِ عزا، شب داریاں اور عزاداری کا اہتمام

کراچی: اربعینِ حسینی 1448ھ کی شب، 3 اگست 2026ء، کراچی میں حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی یاد میں عزاداری انتہائی عقیدت، احترام اور مذہبی جوش و خروش کے ساتھ جاری رہی۔ شہر کے مختلف امام بارگاہوں، حسینیہ جات، مساجد، عزاخانوں اور کربلاوں میں شب بھر مجالسِ عزا، مرثیہ خوانی، نوحہ خوانی، ماتم، زیارات اور شب داریاں منعقد ہوئیں، جن میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کرکے نواسۂ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔

کراچی کے مختلف علاقوں، جن میں نشتر پارک، ایم اے جناح روڈ، مارٹن روڈ، کھارادر، رضویہ، انچولی، عباس ٹاؤن، ملیر، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، لانڈھی اور دیگر علاقوں کی امام بارگاہوں اور عزاخانوں میں عزاداری کے اجتماعات منعقد ہوئے۔ عزاداروں کی خدمت کے لئے مختلف مقامات پر سبیلوں، نیاز، طبی امداد اور دیگر رفاہی سہولیات کا بھی وسیع انتظام کیا گیا۔

شبِ چہلم کے موقع پر سندھ حکومت، کراچی پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے۔ اہم امام بارگاہوں، مجالس اور عزاداری کے مراکز پر اضافی نفری تعینات رہی، جبکہ حساس مقامات کی کڑی نگرانی کی گئی۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی خصوصی ٹریفک پلان نافذ کیا گیا۔

آج 4 اگست 2026ء (روزِ اربعین) کراچی کا مرکزی اور تاریخی جلوسِ چہلم نشتر پارک سے برآمد ہوگا، جو اپنے روایتی راستوں سے گزرتا ہوا حسینیہ ایرانیاں، کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس میں ملک بھر سے آنے والے ہزاروں عزاداروں کی شرکت متوقع ہے، جبکہ اس کے پرامن انعقاد کے لئے سیکیورٹی، ٹریفک، طبی امداد اور دیگر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button