شیعہ میڈیا اور ادارے

زیارتِ اربعین کی عالمی میڈیا کوریج کے لئے کربلا میں جدید میڈیا سینٹر قائم

کربلائے معلیٰ میں ہونے والی عظیم الشان زیارتِ اربعین کی بھرپور میڈیا کوریج کے لئے مکمل انتظامات کر لئے گئے ہیں۔

کربلا کی مقامی انتظامیہ نے ایک جدید اور جامع میڈیا سینٹر قائم کیا ہے تاکہ دنیا بھر کے ذرائع ابلاغ اس کروڑوں زائرین پر مشتمل روحانی اجتماع کی مؤثر اور معیاری کوریج کر سکیں۔

خبر رساں ایجنسی شفق نیوز کے مطابق، کربلا گورنریٹ کے ڈائریکٹر برائے اطلاعات و سرکاری روابط توفیق الحبالی نے بتایا کہ زیارتِ اربعین کی رپورٹنگ کے لئے مختلف مقامات پر 23 سیٹلائٹ نشریاتی گاڑیاں (SNG) اور 18 لائیو یو (LiveU) یونٹس تعینات کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 143 عرب اور غیر ملکی صحافی و میڈیا نمائندے اور تقریباً 600 فوٹوگرافرز اور تکنیکی ماہرین اس عظیم مذہبی اجتماع کی خبریں اور مناظر دنیا بھر تک پہنچانے کی ذمہ داری انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان جدید تکنیکی سہولیات کا مقصد زیارتِ اربعین کے تمدنی، روحانی اور انسانی پہلوؤں کو مؤثر انداز میں عالمی برادری کے سامنے پیش کرنا ہے۔

مزید برآں، کربلا کی مقامی انتظامیہ نے میڈیا نمائندوں کی سہولت کے لئے خصوصی لائیو براڈکاسٹ اسٹیجز، تیز رفتار انٹرنیٹ اور لمحہ بہ لمحہ اعداد و شمار فراہم کرنے کا بھی انتظام کیا ہے، تاکہ صحافی آسانی کے ساتھ اپنی رپورٹنگ انجام دے سکیں۔

یہ وسیع انتظامات اس حقیقت کی عکاسی کرتے ہیں کہ زیارتِ اربعین اب ایک عالمی اور بین الاقوامی اہمیت کا حامل عظیم مذہبی اجتماع بن چکی ہے، جس کا پیغامِ محبت، اخوت، ایثار اور معنویت دنیا بھر کے عوام تک بین الاقوامی میڈیا کے ذریعے پہنچ رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button