آیۃ اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کی زائرانِ اربعین کے لئے اہم نصیحتیں؛ اخلاص اور مودّت کے ساتھ آمادگی کی تلقین

مرجع تقلید آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی نے چند سال قبل اربعینِ حسینی کی آمد کے موقع پر تمام مؤمنین کو اس عظیم الٰہی شعیرے کی تعظیم کی دعوت دیتے ہوئے فرمایا: "تمام مؤمنین کو چاہیے کہ وہ روزِ اربعین اخلاص، مودّت اور حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی بارگاہ میں تعزیت پیش کرنے کے جذبے کے ساتھ آمادہ ہوں۔”
آپ نے روایات کی روشنی میں زیارتِ اربعین کو مؤمن کی نشانی اور تمام انبیاء و مرسلین علیہم السلام کا مرکزِ توجہ قرار دیا، اور اس بات پر زور دیا کہ اہلِ بیت علیہم السلام کی تعلیمات کے مطابق حضرت سیدالشہداء امام حسین علیہ السلام کی زیارت، توحیدِ الٰہی اور قربِ خداوندی سے گہرا تعلق رکھتی ہے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ وحید خراسانی نے زائرانِ اربعین کو خصوصی نصیحت کرتے ہوئے فرمایا: "حضرت سیدالشہداء علیہ السلام کی زیارت کے سفر میں امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور کی دعا کرتے رہیں، سورۂ مبارکہ توحید کی تلاوت کریں اور اس کا ثواب حضرت امام حسین علیہ السلام کی بارگاہ میں ہدیہ کریں، تاکہ اللہ تعالیٰ آپ کو بے حساب اجر و ثواب عطا فرمائے۔”




