
کربلا: روضۂ حضرت عباس علیہ السلام سے وابستہ مجمع شیخ کلینی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ نے زائرینِ اربعین کے استقبال کے لئے اپنی جامع خدماتی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق زائرین کے لئے رہائش، آرام گاہوں، روزانہ تین وقت کے کھانے، درمیانی اوقات میں ضیافت، پینے کے صاف پانی اور طبی سہولیات کا بھرپور انتظام کیا گیا ہے۔انتظامیہ نے بتایا کہ شدید گرمی کے اثرات کم کرنے کے لئے مجمع کی حدود میں سایہ دار انتظامات کئے گئے ہیں، جبکہ خدمات کی انجام دہی کے لئے عملے کے ساتھ رضاکار بھی منظم انداز میں اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ اس کے علاوہ مجمع، روضۂ حضرت عباس علیہ السلام کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے ثقافتی و آگاہی پروگراموں میں بھی فعال کردار ادا کرے گا۔مجمع شیخ کلینی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ ہر سال بغداد۔کربلا روٹ سے آنے والے لاکھوں زائرینِ اربعین کو رہائش، طعام، طبی امداد اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنے والے نمایاں خدماتی مراکز میں شمار ہوتا ہے۔



