
عراق کی وزارتِ صحت نے اعلان کیا ہے کہ اربعینِ حسینیؑ کے موقع پر زائرین کو بہترین طبی اور علاجی سہولیات فراہم کرنے کے لئے اپنی تمام طبی، فنی اور امدادی صلاحیتیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔
عراق کے وزیرِ صحت عبدالحسین عزیز الموسوی نے پارلیمانی نگرانی کمیٹی کے اجلاس میں اربعینِ حسینیؑ کے جامع طبی منصوبے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت ڈیڑھ لاکھ سے زائد ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملے کو تعینات کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ایک ہزار ایمبولینسیں اور دو ہزار امدادی و معاونتی گاڑیاں زیارتی راستوں اور مقدس مقامات پر خدمات انجام دے رہی ہیں، تاکہ زائرین کو ہنگامی طبی امداد، علاج اور فوری نگہداشت کی سہولیات ہر وقت میسر رہیں۔
خبر رساں ادارہ "الخطى” کے مطابق، فوری ردِعمل دینے والی طبی ٹیمیں، موبائل میڈیکل یونٹس اور صحت نگرانی کے خصوصی دستے شب و روز زائرین میں تقسیم کیے جانے والے کھانے اور مشروبات کے معیار کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں، تاکہ صحتِ عامہ کے تقاضوں کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیرِ صحت عبدالحسین عزیز الموسوی نے عتباتِ مقدسہ، متعلقہ سرکاری اداروں اور سیکیورٹی فورسز کے باہمی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ مختلف اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی ہی اربعینِ حسینیؑ کے طبی اور خدماتی منصوبوں کی کامیاب تکمیل کی ضمانت ہے۔




