نمازِ جمعہ کے حکم سے متعلق آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی کا بیان
اگر امامِ معصومؑ کو مکمل اقتدار حاصل ہو تو نمازِ جمعہ تمام مسلمانوں پر واجب ہے، لیکن زمانۂ غیبت یا عدمِ اقتدار میں واجب نہیں: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی
مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی کی روزانہ علمی نشست پیر، 5 صفر المظفر 1448ھ کو منعقد ہوئی، جس میں حسبِ معمول حاضرین کے مختلف فقہی سوالات کے جوابات دیے گئے۔
نمازِ جمعہ کے حکم سے متعلق ایک سوال کے جواب میں آیت اللہ العظمیٰ شیرازی نے فرمایا: "اگر امامِ معصوم علیہ السلام مبسوط الید ہوں، یعنی انہیں اسلامی حکومت، اقتدار اور امورِ امت پر مکمل اختیار حاصل ہو، تو نمازِ جمعہ کا قیام اور اس میں شرکت تمام مسلمانوں پر واجب ہے۔”
معظم لہ نے مزید فرمایا: "لیکن امامِ معصوم علیہ السلام کے زمانۂ غیبت میں، یا ایسے دور میں جب امامِ معصومؑ کو عملی اقتدار حاصل نہ ہو، جیسا کہ حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام، حضرت امام حسین علیہ السلام، حضرت امام زین العابدین علیہ السلام، حضرت امام محمد باقر علیہ السلام، حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام اور دیگر ائمۂ اطہار علیہم السلام کے ادوار میں تھا، نمازِ جمعہ واجب نہیں ہے۔”




