
کربلائے مقدس میں مؤسسۂ ثقافتی معزّ الاولیاء کے زیرِ اہتمام حضرت امام زین العابدین، امام سجاد علیہ السلام کے یومِ شہادت کی مناسبت سے ایک پُروقار مجلسِ عزا کا انعقاد کیا گیا، جس میں امامِ ہُمامؑ کی عظیم خدمات اور بلند مقام کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
اس روحانی مجلس میں مذہبی، علمی اور سماجی شخصیات کے علاوہ مؤمنین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر معروف خطیبِ حسینی حجۃ الاسلام شیخ فاضل حیدری نے خطاب کرتے ہوئے حضرت امام سجاد علیہ السلام کی سیرتِ طیبہ، علمی و روحانی خدمات اور واقعۂ کربلا کے بعد دینِ اسلام کے تحفظ و احیاء میں آپؑ کے بے مثال کردار پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں معروف ذاکرِ اہلِ بیت علیہم السلام سید احمد موسوی نے حضرت سید الساجدین علیہ السلام کی بارگاہِ اقدس میں پرسوز مرثیہ پیش کر کے حاضرین کو سوگوار کر دیا۔
شیعہ خبر رساں ایجنسی کے مطابق، مجلس کے اختتام پر شرکاء نے حضرت ولیِ عصر عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہورِ پُرنور میں تعجیل، امتِ مسلمہ اور خصوصاً شیعانِ اہلِ بیت علیہم السلام کی مشکلات کے خاتمے، پریشانیوں کے ازالے اور دنیا بھر میں امن، سلامتی، خیر و برکت اور آسانیوں کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔



