امریکہ میں مشی گن کی مسجد کو تحریری اور ٹیلیفونک دھمکیوں کی لہر؛ قتل کی دھمکیوں سے مسلم برادری میں خوف و ہراس
امریکہ میں مشی گن کی مسجد کو تحریری اور ٹیلیفونک دھمکیوں کی لہر؛ قتل کی دھمکیوں سے مسلم برادری میں خوف و ہراس
مشی گن: امریکی ریاست مشی گن کے شہر میڈیسن ہائٹس میں واقع اسلامک اسمبلی آف امریکہ سینٹر کو موصول ہونے والی اسلام مخالف تحریری اور ٹیلیفونک دھمکیوں کے بعد مقامی پولیس نے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
دی عرب امریکن نیوز کے مطابق، ایک نامعلوم شخص نے متعدد ریکارڈ شدہ ٹیلیفون کالز کے ذریعہ مسجد کی انتظامیہ کو براہِ راست قتل کی دھمکیاں دیتے ہوئے کہا: "میں تمہیں اور تمہارے لوگوں کو قتل کر دوں گا۔ اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے، میرے ملک سے نکل جاؤ۔”
واقعہ کے بعد پولیس نے مسجد اور اس سے ملحقہ مذہبی و ثقافتی مرکز کے اطراف سیکیورٹی سخت کرتے ہوئے گشت میں اضافہ کر دیا ہے، جبکہ دھمکی آمیز کالز کرنے والے شخص کی شناخت اور گرفتاری کے لئے تحقیقات جاری ہیں۔
ریاست کے مسلم میڈیا کارکنوں اور سماجی رہنماؤں نے اس واقعہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان دھمکیوں کے باعث مقامی مسلم برادری، بالخصوص مسجد کے نمازی اور منتظمین، شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں۔
ان کے مطابق بہت سے افراد نے اپنی جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا ہے اور بعض کا اعتماد حکومتی سیکیورٹی اقدامات پر بھی متزلزل ہوا ہے۔
مسلم رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اسلاموفوبیا، مذہبی نفرت اور نسلی تعصب پر مبنی ایسے واقعات نہ صرف مسلمانوں کے احساسِ تحفظ کو متاثر کرتے ہیں بلکہ معاشرتی ہم آہنگی، بین المذاہب رواداری اور سماجی یکجہتی کے لئے بھی سنگین خطرہ ہیں۔




