شبِ عاشورا ملائیشیا میں پاکستانی شیعہ عزاداروں کے مرکز پر چھاپہ؛ 200 سے زائد افراد گرفتار
شبِ عاشورا ملائیشیا میں پاکستانی شیعہ عزاداروں کے مرکز پر چھاپہ؛ 200 سے زائد افراد گرفتار
ملائیشیا کی ریاست سسلانگور کے محکمۂ اسلامی امور (JAIS) نے سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری کے ہمراہ شبِ عاشورا کے موقع پر پتالنگ جایا میں واقع ایک تجارتی مرکز پر چھاپہ مارا، جہاں مقیم پاکستانی شیعہ برادری مجلسِ عزا اور عزاداری میں مصروف تھی۔
اس مشترکہ کارروائی میں، جس میں 120 اہلکاروں اور پانچ سرکاری اداروں نے حصہ لیا، مجموعی طور پر 226 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ گرفتار شدگان میں 147 مرد، 51 خواتین اور 28 بچے شامل ہیں۔
خبر رساں ادارہ رائٹرز کے مطابق، سلانگور کے محکمۂ اسلامی امور کے ڈائریکٹر داتوک محمد شاہزیہان احمد نے بتایا کہ یہ کارروائی موصول ہونے والی غیر مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔ ان کے مطابق گرفتار افراد، جن کا تعلق پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش سے ہے، پر شیعہ عقائد سے وابستگی کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
محکمۂ اسلامی امور کے سربراہ کے مطابق، ریاست کے شرعی قوانین کے تحت ان افراد پر "فتوی کے خلاف عقائد کی ترویج” اور "مذہبی حکام کی توہین” جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
شیعہ مسلمانوں کے لئے نہایت مقدس شبِ عاشورا پر ہونے والی اس کارروائی نے ایک بار پھر ملائیشیا میں مذہبی آزادی، عقیدے کے حق اور مذہبی اقلیتوں کے تحفظ سے متعلق بین الاقوامی سطح پر تشویش اور تنقید کو جنم دیا ہے۔




