امریکہ بھر میں حسینی نام اور حسینی پیغام کی گونج

بڑے شہروں میں عشرۂ محرم اور عالمی یومِ امام حسین علیہ السلام کی تقریبات
سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کی عزاداری کے ایام کے آغاز کے ساتھ ہی امریکہ کے مختلف شہروں میں شیعہ مسلمانوں اور اہلِ بیت علیہ السلام سے محبت رکھنے والوں کی جانب سے عشرۂ محرم کی تقریبات نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد کی جا رہی ہیں۔
اس سال ان تقریبات کو بین الاقوامی سطح پر منائے جانے والے “عالمی یومِ امام حسین علیہ السلام ” (Hussain Day) کی مناسبت سے مزید اہمیت حاصل ہوگئی ہے، جس کا مقصد مغربی معاشرے کو واقعۂ کربلا کے پیغامِ آزادی، انصاف اور انسانیت سے روشناس کرانا ہے۔
آئیے اس حوالے سے ہمارے نمائندے کی تیار کردہ رپورٹ ملاحظہ کیجیے:
امام حسین علیہ السلام کا پیغام جغرافیائی سرحدوں سے ماورا ہو کر مغربی دنیا کے قلب تک پہنچ چکا ہے، جہاں حق، انصاف اور مظلومیت کی صدا گونج رہی ہے۔
امسال عشرۂ محرم کے دوران امریکہ کے مختلف علاقوں میں امام حسین علیہ السلام کے چاہنے والوں نے امام بارگاہوں، حسینی مراکز اور عارضی عزاخانوں میں مجالسِ عزا اور ماتمی اجتماعات کا انعقاد کیا ہے تاکہ واقعۂ کربلا کی یاد کو تازہ رکھا جا سکے۔
یہ تقریبات سان ڈیاگو، لاس اینجلس، ہیوسٹن، شکاگو، مشی گن اور نیویارک سمیت امریکہ کے کئی بڑے شہروں اور ریاستوں میں شیعہ اسلامی مراکز اور مذہبی تنظیموں کے زیرِ اہتمام منعقد ہو رہی ہیں۔
خبر رساں ادارے اخبار شیعہ کے مطابق مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے عزادار ان اجتماعات میں شریک ہو کر واقعۂ عاشورا کے فکری اور روحانی پہلوؤں پر مشتمل خطابات سنتے ہیں، نوحہ خوانی اور مرثیہ خوانی میں حصہ لیتے ہیں اور امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
خصوصی طور پر نوجوان نسل کی بڑی تعداد ان تقریبات میں سرگرم نظر آتی ہے، جبکہ بعض شہروں کی مرکزی شاہراہوں پر ماتمی جلوسوں کے انعقاد نے غیر مسلم شہریوں کی توجہ بھی عاشورا کے انسانی اور اخلاقی پیغام کی جانب مبذول کرائی ہے۔
ان سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ “عالمی یومِ امام حسین علیہ السلام ” (Hussain Day) بھی ایک اہم عوامی اور بین الاقوامی پروگرام کے طور پر منایا جاتا ہے، جسے مغربی ممالک خصوصاً امریکہ میں عاشورا کے قریب آنے والے پہلے اتوار کو منعقد کیا جاتا ہے۔
اس سال یہ دن اتوار، 28 جون 2026ء (مطابق 7 تیر 1405 ایرانی شمسی تقویم) کو منایا جائے گا۔ اس موقع کا بنیادی مقصد امام حسین علیہ السلام کی تحریک، واقعۂ کربلا کے فلسفے اور ان کے آزادی و عدالت کے پیغام کو پرامن اور قانونی انداز میں غیر مسلم معاشروں تک پہنچانا ہے۔
اس دن نیویارک (خصوصاً مین ہیٹن) اور لاس اینجلس جیسے بڑے شہروں میں عظیم الشان جلوس، واکس اور عوامی اجتماعات منعقد کیے جاتے ہیں، جن کے ساتھ مختلف سماجی اور ثقافتی سرگرمیاں بھی انجام دی جاتی ہیں۔
ان تقریبات کے دوران مسلمان “شہدائے کربلا” کے نام سے خون عطیہ کرنے کی مہمات چلاتے ہیں، ضرورت مند افراد میں امدادی سامان تقسیم کرتے ہیں اور عوام کو گلاب کے پھول، پانی کی بوتلیں اور انگریزی زبان میں معلوماتی کتابچے پیش کرتے ہیں تاکہ امام حسین علیہ السلام کی تحریک کے انسانی، امن پسند اور انصاف پر مبنی پیغام کو دنیا کے سامنے ایک عالمی نمونے کے طور پر پیش کیا جا سکے اور مذہبی اقدار کو سماجی خدمت اور انسانی ہمدردی کے ساتہ جوڑا جا سکے




