نجف اشرف میں فقہی نشستوں کے دوسرے دور کا اختتام

نجف اشرف میں قائم اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر کے شعبۂ امورِ دینی نے اپنی ہفتہ وار فقہی نشستوں کے دوسرے دور کا کامیابی کے ساتھ اختتام کر دیا۔ یہ مرکز مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی سے وابستہ اداروں میں شمار ہوتا ہے۔
اس سلسلہ کے دوران تیس سے زائد تخصصی نشستیں منعقد کی گئیں، جن میں دینی، سماجی، اعتقادی اور فلسفیانہ موضوعات پر تفصیلی گفتگو اور علمی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس دور کی نشستوں میں زندگی، موت اور حیاتِ بعد از موت سے متعلق مسائل کو خصوصی اہمیت دی گئی۔ اس کے علاوہ معاشرتی چیلنجز، خصوصاً نوجوان نسل کو درپیش فکری اور سماجی مسائل بھی زیرِ بحث آئے۔
اختتامی تقریب میں مرکز کے سربراہ ڈاکٹر حسین حاتم الشبلی اور شعبۂ امورِ دینی کے مدیر حجۃ الاسلام غازی کامل الشبلی نے شرکت کی۔
اس موقع پر فقہی نشستوں کے اراکین، اساتذہ، فضلاء اور حوزۂ علمیہ کے طلبہ کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ عصرِ حاضر کے مسائل کا علمی و دینی انداز میں جائزہ لینے اور معاشرے کی فکری رہنمائی کے لیے اس نوعیت کی نشستوں کا تسلسل نہایت ضروری ہے۔




