ترکی میں "لبیک یا حسین" کی صدائیں گونج اٹھیں؛ استنبول کی زینبیہ مسجد میں بارگاہِ حسینی کا سیاہ پرچم لہرایا گیا

ماہِ محرم الحرام کی آمد اور سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کے ایامِ عزا کے آغاز کے ساتھ ہی ترکی کے شہر استنبول میں بارگاہِ مقدس امام حسین علیہ السلام کے سیاہ پرچم کو نصب کرنے کی روح پرور اور پُرشکوہ تقریب منعقد ہوئی۔
اس باوقار مجلس میں اہلِ بیتِ عصمت و طہارت علیہم السلام کے محبان اور شیعانِ حیدر کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ استنبول کی جامع مسجد "زینبیہ” غم و اندوہ کی فضا میں ڈوب گئی اور حاضرین کی پُرجوش صدائے "لبیک یا حسین” نے اس مرکز کو ایک خاص روحانی کیفیت سے آشنا کر دیا۔
عزاداروں نے اشک بار آنکھوں اور غمگین دلوں کے ساتھ مجالسِ عزا اور محرم کے آغاز کے لئے تعزیتی کتبے اور سیاہ پوشی کا اہتمام کیا، یوں دیارِ غربت میں عشرۂ اولِ محرم کی عزاداری کا باضابطہ آغاز کیا گیا۔
یہ مجلس ترکی کے شیعہ مسلمانوں، ترکمان برادری اور ترکی میں مقیم آذری محبانِ اہلِ بیت علیہم السلام کے کربلا کے عظیم پیغام سے گہرے اور اٹوٹ تعلق کی علامت ہے، جو ہر سال شعائرِ حسینی کی اصالت، حیات بخشی اور پائیداری کو نمایاں کرتی ہے۔



