ہندوستان

تواضع انسانیت کا حُسن ہے، علم و اخلاص اس کی روح ہیں: مولانا اشرف علی الغروی

لکھنؤ: مرجعِ تقلید آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ محمد اسحاق فیاض رحمۃ اللہ علیہ کی یاد میں دفترِ نمائندگی آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ، لکھنؤ کے زیرِ اہتمام حسینیہ قائمہ خاتون، سجاد باغ کالونی میں مجلسِ ترحیم منعقد ہوئی، جس میں دینی، علمی، قومی، سماجی اور صحافتی شخصیات کے علاوہ کثیر تعداد میں مومنین نے شرکت کی۔

مجلس کا آغاز مولانا علی محمد معروفی نے تلاوتِ کلامِ الٰہی سے کیا۔ بعدہ مولانا حسن عباس اور مولانا علی محمد نے بارگاہِ اہلِ بیت علیہم السلام میں منظوم نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔

مجلسِ ترحیم سے آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ کے نمائندہ، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید اشرف علی الغروی نے خطاب کرتے ہوئے مرحوم مرجعِ تقلید کی علمی، دینی اور اخلاقی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ محمد اسحاق فیاض رحمۃ اللہ علیہ افغانستان کے ایک دیندار گھرانے میں پیدا ہوئے۔ آپ نے ابتدائی تعلیم افغانستان میں حاصل کی، پھر مشہد مقدس اور بعد ازاں حوزۂ علمیہ نجف اشرف میں اعلیٰ دینی تعلیم حاصل کی۔ اپنی غیر معمولی علمی صلاحیت، تقویٰ، اخلاص اور مسلسل علمی جدوجہد کے باعث آپ درجۂ اجتہاد اور منصبِ مرجعیت پر فائز ہوئے۔

مولانا سید اشرف علی الغروی نے کہا کہ عظیم مقامِ اجتہاد و مرجعیت محض دعووں سے حاصل نہیں ہوتا، بلکہ اس کے لئے علم، تقویٰ، اخلاص اور اہلیت بنیادی شرائط ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا: "ہمارے یہاں جب نیابت بغیر معیار کے قابلِ قبول نہیں اور کوئی نااہل شخص مجتہد یا مرجع نہیں بن سکتا، تو پھر کوئی نااہل شخص امام کیسے ہو سکتا ہے؟”

انہوں نے مرحوم آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ اسحاق فیاضؒ کی سادگی، انکساری اور تواضع کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ انتہائی منکسر المزاج تھے۔ اگر کوئی طالبِ علم بھی ملاقات کے لئے آتا تو اس کے احترام میں کھڑے ہو جاتے تھے۔ خود مرجعِ تقلید ہونے کے باوجود دیگر مراجعِ کرام، بالخصوص آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ، کا بے حد احترام کرتے تھے۔

مولانا سید اشرف علی الغروی نے مزید فرمایا کہ "تواضع اور انکساری انسانیت کا حقیقی حسن ہیں، جبکہ علم و اخلاص اس کی روح ہیں۔ یہ اوصاف اسی شخص میں پیدا ہوتے ہیں جو علم و عمل کی دولت سے مالامال ہو۔”

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button