روضہ امام حسین علیہ السلام کی تیاریوں کا آغاز؛ سایہ بانوں کی تنصیب مکمل، عشرۂ محرم اور جلوسِ طویریج کے لئے خصوصی انتظامات
روضہ امام حسین علیہ السلام کی تیاریوں کا آغاز؛ سایہ بانوں کی تنصیب مکمل، عشرۂ محرم اور جلوسِ طویریج کے لئے خصوصی انتظامات
ماہِ محرم الحرام کی آمد کے پیشِ نظر حرمِ مطہر امام حسین علیہ السلام میں زائرین اور عزاداروں کے استقبال کے لئے وسیع پیمانے پر تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
ان انتظامات میں روحانی ماحول کی آراستگی، حرم اور اطراف کی سیاہ پوشی، اور زائرین کے لئے خصوصی رفاہی سہولیات کی فراہمی شامل ہے، تاکہ کربلائے معلیٰ آنے والے لاکھوں عزادار عشرۂ محرم کی مجالس اور مراسمِ عزاداری میں بہتر انداز سے شرکت کر سکیں۔
شیعہ خبر رساں ایجنسی کے مطابق شدید گرمی کے اثرات کو کم کرنے کے لئے حرمِ امام حسین علیہ السلام کے اطراف میں جدید اور اسمارٹ سایہ بانوں کی تنصیب اور تکمیل کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
یہ اقدام زائرین کو دھوپ اور گرمی سے محفوظ رکھنے کے لیے انجام دیا گیا ہے تاکہ وہ زیادہ سہولت اور اطمینان کے ساتھ زیارت اور عبادات انجام دے سکیں۔
تیاریوں کا ایک اہم حصہ یومِ عاشورا کو نکلنے والے عظیم الشان اور روایتی "دستۂ طویریج” کے لئے مخصوص کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں راستوں کی تنظیم، سکیورٹی انتظامات اور عزاداروں کی آمد و رفت کو آسان بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں، تاکہ لاکھوں عزادار مکمل امن، نظم و ضبط اور سکون کے ساتھ اپنے شعائرِ حسینی ادا کر سکیں۔




