عزاے طویریج کے عظیم الشان اجتماع کے لئے جامع سکیورٹی و خدماتی منصوبے کا اعلان

روضۂ مقدس حضرت امام حسین علیہ السلام کی انتظامیہ نے یومِ عاشورا کے موقع پر منعقد ہونے والی عظیم الشان عزاداری "رکضۂ طویریج” کے لئے جامع سکیورٹی، خدماتی اور انتظامی منصوبہ کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔
شیعہ خبر رساں ایجنسی کے مطابق روضۂ حسینی کے شعبۂ حفظِ نظم کے سربراہ، رسول عباس فضالہ نے بتایا کہ عزاداروں کی رفت و آمد کے لئے مخصوص راستے کا تعین متعلقہ سکیورٹی اداروں کے مکمل تعاون اور باہمی ہم آہنگی سے کیا گیا ہے۔ اس کے تحت جلوس کا آغاز قنطرۃ السلام سے ہوگا اور عزادار روضۂ مقدس امام حسین علیہ السلام کی جانب روانہ ہوں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ عزاداروں کے غیر معمولی ہجوم کو منظم رکھنے اور ان کی آمد و رفت کو سہل بنانے کے لئے صحنِ حسینی میں داخلے کے لئے باب الرجاء، باب القبلہ اور باب الزینبیہ کو مرکزی داخلی راستوں کے طور پر مختص کیا گیا ہے۔
اسی مقصد کے تحت تین دروازے داخلے اور چار دروازے خروج کے لئے مقرر کئے گئے ہیں، تاکہ عزاداروں کی نقل و حرکت منظم رہے اور بین الحرمین کی جانب روانی برقرار رکھی جا سکے۔
دوسری جانب روضۂ مقدس حسینی کے سکریٹری جنرل، حسن رشید العبایجی نے اس عظیم الشان عزاداری کے انتظامات کے لیے تمام انجینئرنگ، فنی اور خدماتی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی اور زمین کے بلند درجۂ حرارت کے پیشِ نظر زائرین کی سہولت اور سلامتی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ رکضۂ طویریج عاشورا کے دن منعقد ہونے والی دنیا کی سب سے بڑی عوامی عزاداریوں میں شمار ہوتی ہے۔ اس تاریخی رسمِ عزاداری میں لاکھوں عزادار ننگے پاؤں دوڑتے اور ہرولہ کرتے ہوئے کربلائے معلیٰ پہنچتے ہیں اور حضرت امام حسین علیہ السلام کے ساتھ اپنی عقیدت، وفاداری اور تجدیدِ عہد کا اظہار کرتے ہیں۔




