
لکھنو۔ مرجعِ عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کے وکیل مولانا سید سیف عباس نقوی کی نگرانی میں عید اللہ الاکبر عیدِ غدیر کے موقع پر منعقد ہونے والی ’’ہفتۂ ولایت‘‘ کی محافل پورے جوش و خروش کے ساتھ جاری ہیں۔
گزشتہ برسوں کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی 17 ذی الحجہ تا 23 ذی الحجہ 1447 ہجری (4 جون تا 10 جون 2026ء) ’’غدیر سے مباہلہ تک‘‘ کے عنوان سے ہفتۂ ولایت منایا جا رہا ہے۔

اس سلسلہ میں روزانہ رات 9 بجے تاریخی امام باڑہ جنت مآب سید تقی صاحب مرحوم میں عظیم الشان محافل کا انعقاد ہو رہا ہے، جن میں علماء و ذاکرین عیدِ غدیر کی اہمیت، فضیلت اور اسلامی معاشرے میں اس کے پیغام پر روشنی ڈال رہے ہیں۔
محافل سے مولانا سید سیف عباس نقوی، مولانا سید شمس الحسن اور مولانا مصطفیٰ علی خان ادیب الہندی سمیت دیگر مدعو علماء خطاب کر رہے ہیں، جبکہ شعرائے کرام بارگاہِ ولایت میں قصائد اور منظوم نذرانۂ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

مقررین اپنے خطابات میں عید اللہ الاکبر عیدِ غدیر کی عظمت و اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ مومنین کو اس عظیم اسلامی عید کے حوالے سے اپنی دینی و سماجی ذمہ داریوں کی جانب بھی متوجہ کر رہے ہیں۔
خطباء نے اس موقع پر اس امر پر زور دیا کہ غدیر کا پیغام ولایت، اتحاد اور حق کی حمایت کا درس دیتا ہے، جسے ہر دور میں زندہ رکھنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ اپنے مختلف خطابات میں عیدِ ولایت عیدِ غدیر کی اہمیت پر مسلسل زور دیتے رہے ہیں اور مومنین کو ہدایت دیتے ہیں کہ اس عظیم عید کو بھرپور عقیدت، احترام اور شایانِ شان طریقے سے منایا جائے۔
ہفتۂ ولایت کی یہ محافل خدیجہ ٹی وی، حسینی چینل سمیت دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے براہِ راست نشر کی جا رہی ہیں، جن سے دنیا بھر کے عاشقانِ ولایت مستفید ہو رہے ہیں۔



