ذہنی صحت کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال کا بڑھتا رجحان
ذہنی صحت کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال کا بڑھتا رجحان
بیمہ کمپنی AXA اور تحقیقاتی ادارے IPSOS کے مشترکہ عالمی سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ دنیا بھر میں 60 فیصد سے زائد افراد ذہنی صحت سے متعلق مسائل کے حل اور رہنمائی کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی آلات اور چیٹ بوٹس سے مدد حاصل کرتے ہیں۔ تاہم سروے کے مطابق 45 فیصد صارفین ان ذرائع سے حاصل ہونے والے جوابات اور مشوروں سے مکمل طور پر مطمئن نہیں ہیں۔
18 ممالک میں تقریباً 19 ہزار افراد پر کیے گئے اس سروے سے معلوم ہوا کہ 68 فیصد لوگ کسی نہ کسی درجے میں اضطراب، ذہنی دباؤ یا افسردگی کا سامنا کر رہے ہیں۔ نوجوانوں میں یہ صورتحال مزید تشویشناک ہے، جہاں 18 سے 24 سال عمر کے افراد میں یہ شرح 85 فیصد تک پہنچ جاتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق روزانہ پانچ گھنٹے سے زائد اسکرین استعمال کرنے والے افراد میں نیند کی خرابی، توجہ میں کمی اور سماجی تعلقات پر منفی اثرات زیادہ نمایاں طور پر دیکھے گئے ہیں۔




