عیدُ اللہ الاکبر اور امیرالمؤمنین علیہ السلام سے تجدیدِ بیعت کے موقع پر نجف اشرف اور روضۂ مبارکِ اسدُ اللہ الغالب میں روح پرور اور پُرشور فضاء

عیدِ سعید غدیرِ خم کی آمد کے ساتھ ہی نجف اشرف سراپا جشن، سرور اور ولولے کا منظر پیش کر رہا ہے۔
روضۂ امیرالمؤمنین علیہ السلام کے اطراف کی قدیم گلیاں اور بازار، بازار بزرگ سے لے کر نجف کے تاریخی محلّوں تک، مکمل طور پر چراغاں اور سجاوٹ سے آراستہ ہیں، جبکہ مختلف زبانوں میں مدح و منقبت کی دلنشین صدائیں ہر طرف گونج رہی ہیں۔

شہر کے مختلف مقامات پر عوامی موکب خلوص و عقیدت کے ساتھ علوی دسترخوان بچھائے ہوئے ہیں اور شربت، مٹھائیاں اور گلاب پیش کرکے ان زائرین کا استقبال کر رہے ہیں جو پیدل اور سواریوں کے ذریعے مرکزِ ولایت تک پہنچ رہے ہیں۔
دوسری جانب زائرین بھی اشک بار آنکھوں اور محبتِ علوی سے سرشار دلوں کے ساتھ روضۂ امیرالمؤمنین علی علیہ السلام کے گرد حاضری دے رہے ہیں، تاکہ عیدِ غدیر کے اس بابرکت موقع پر اپنے عہدِ ولایت کی تجدید کر سکیں اور مولائے متقیان حضرت علی علیہ السلام سے اپنی وابستگی کا اظہار کر سکیں۔




