پرچمِ غدیر دنیا کے 150 شہروں میں لہرایا گیا
پرچمِ غدیر دنیا کے 150 شہروں میں لہرایا گیا
روضہ مبارک امیرالمؤمنین علیہ السلام نے اعلان کیا ہے کہ عیدِ سعید غدیر کی مناسبت سے دنیا کے مختلف ممالک اور عراق کے مختلف صوبوں میں غدیر کا پرچم لہرانے کی وسیع تقریبات منعقد کی گئیں۔
یہ پروگرام عیدِ غدیر کی عظمت کو اجاگر کرنے اور اہلِ بیتؑ کی تعلیمات کے فروغ کے لیے منعقد ہونے والی سالانہ سرگرمیوں کا حصہ ہے، جو آج دنیا کے مختلف علاقوں میں بیک وقت انجام پایا۔
مڈل ایسٹ نیوز کے مطابق یہ تقریب دنیا کے 150 مختلف شہروں اور علاقوں میں 150 رسمی پروگراموں کی صورت میں منعقد کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق 28 ممالک میں واقع 87 بین الاقوامی مقامات اور عراق کے 15 صوبوں میں 21 مقامات کو اس پروگرام کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔
اس منصوبہ کے تحت ائمۂ اطہار علیہم السلام کے مقدس مزارات، شہرِ نجف اور مختلف ثقافتی مراکز میں غدیر کے پرچم اور یادگاری علامات نصب کی گئیں۔
یورپی ممالک نے اس پروگرام میں سب سے زیادہ حصہ لیا، جہاں مختلف ممالک میں 28 مقامات پر یہ تقریبات منعقد ہوئیں۔ جرمنی، فرانس، برطانیہ، سویڈن، نیدرلینڈز اور دیگر یورپی ممالک نے اس میں بھرپور شرکت کی۔
اسی طرح ایران، پاکستان، ہندوستان، لبنان، ترکیہ اور کئی دیگر ایشیائی و افریقی ممالک نے بھی اس ثقافتی و مذہبی پروگرام میں فعال کردار ادا کیا۔
اس اقدام کا مقصد عیدِ غدیر کے روحانی اور معنوی پیغام کو عالمی سطح پر عام کرنا اور مختلف اسلامی معاشروں کے درمیان ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔




