عید قربان کے موقع پر نائجر میں قربانی کا گوشت تقسیم کرنے کی وسیع مہم؛ مصباح الحسین علیہ السلام ثقافتی و فلاحی ادارہ کی جانب سے ضرورت مند خاندانوں کی حمایت

عید قربان کے موقع پر نائجر میں قربانی کا گوشت تقسیم کرنے کی ایک وسیع مہم کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد غریب اور کمزور خاندانوں کی مدد اور شیعہ برادری کے درمیان سماجی ہم آہنگی اور اخوت کو فروغ دینا تھا۔ یہ منصوبہ مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی کے دفتر کی نگرانی میں، ان کی ہدایات کی روشنی میں، مصباح الحسین علیہ السلام ثقافتی و فلاحی ادارے کی جانب سے انجام دیا گیا۔
یہ منصوبہ عالمی ادارہ امام حسین علیہ السلام (IHC) اور امام حسین علیہ السلام کے میڈیا اداروں کے تعاون سے مکمل کیا گیا۔
اس فلاحی مہم کا محور سنتِ قربانی کو زندہ رکھنا اور قربانی کا گوشت مستحق خاندانوں تک پہنچانا تھا، جسے عید سعید قربان کے ایام میں نائجر کے مختلف علاقوں میں عملی جامہ پہنایا گیا۔
اس منصوبہ کے نفاذ کے مراحل میں عطیات جمع کرنا، شرعی معیار کے مطابق جانوروں کی فراہمی، ذبح کے مراکز کی تیاری، حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق گوشت کی پیکنگ، اور مستحق خاندانوں میں منظم انداز سے تقسیم شامل تھے۔

شیعہ خبر رساں ایجنسی کے مطابق، نائجر میں مصباح الحسین علیہ السلام ثقافتی و فلاحی ادارہ کی جانب سے اس منصوبے کے نفاذ نے، جہاں آبادی کا ایک قابلِ ذکر حصہ شیعہ برادری پر مشتمل ہے، باہمی ہمدردی کے فروغ اور ضرورت مند خاندانوں کی معاشی مشکلات میں کمی لانے میں مؤثر کردار ادا کیا ہے۔
اس منصوبہ کے حوالہ سے اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ بہت سے محروم خاندان ایسے ہیں جو اس قسم کے فلاحی پروگراموں کے بغیر عید قربان کے موقع پر قربانی کے گوشت سے مستفید نہیں ہو پاتے، جبکہ اس اقدام نے انہیں بھی اس اسلامی مناسبت کی خوشیوں میں شریک ہونے کا موقع فراہم کیا ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ مصباح الحسین علیہ السلام ثقافتی و فلاحی ادارہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ شیعہ معاشروں کی خدمت، اہلِ بیت علیہم السلام کی ثقافت کے فروغ اور کمزور و مستحق طبقات کی حمایت کے مقصد سے اپنی امدادی اور انسان دوستانہ سرگرمیاں جاری رکھے گا۔




