
اقوامِ متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے موجودہ عالمی نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ افریقی براعظم کی بے پناہ صلاحیتیں بین الاقوامی نظام میں موجود ناہمواریوں اور ناانصافیوں کی وجہ سے مکمل طور پر سامنے نہیں آ سکیں۔
شیعہ خبر رساں ایجنسی کے مطابق، سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں انتونیو گوٹریس نے کہا کہ افریقہ کئی برسوں سے وسائل تک منصفانہ رسائی، مؤثر شمولیت اور عالمی فیصلوں میں حقیقی نمائندگی سے محروم رہا ہے۔
انہوں نے عالمی اداروں اور بین الاقوامی ڈھانچوں میں اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے زور دیا کہ دنیا کو ایسے نظام کی طرف بڑھنا چاہیے جس میں افریقی ممالک کو ان کے شایانِ شان آواز اور کردار حاصل ہو۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ حالیہ برسوں میں بین الاقوامی اداروں کی کارکردگی پر تنقید میں اضافہ ہوا ہے اور متعدد ممالک نے عالمی طاقت اور وسائل کی تقسیمِ نو پر نظرثانی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق گوٹریس کے یہ بیانات سیاسی اور فکری حلقوں میں وسیع پیمانے پر توجہ حاصل کر رہے ہیں اور عالمی نظام میں اصلاحات سے متعلق جاری مباحثے کو مزید تقویت دے رہے ہیں۔



