امام محمد تقی علیہ السلام کے یوم شہادت پر کاظمین میں سکیورٹی انتظامات سخت، خدماتی رابطوں میں اضافہ

امام محمد تقی الجواد علیہ السلام کے ایام شہادت پر عراق نے مقدس شہر کاظمین میں مراسم عزا کے پُرامن اور منظم انعقاد کے لئے وسیع سکیورٹی اور خدماتی اقدامات نافذ کر دیے ہیں۔
اس سلسلہ میں سکیورٹی فورسز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ زائرین کی آمد و رفت، ہجوم کے نظم و نسق اور راستوں میں لاجسٹک سہولیات کی فراہمی کے لئے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
عراقی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق، فیڈرل پولیس کے دوسرے ڈویژن کے ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک اجلاس میں سکیورٹی، ٹریفک اور خدماتی منصوبوں کی آخری تفصیلات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مختلف اداروں کے درمیان مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اس مذہبی اجتماع کے محفوظ انعقاد پر زور دیا گیا۔
جبکہ زائرین کے راستوں پر تعینات یونٹس کی تیاریوں سے متعلق رپورٹس بھی پیش کی گئیں۔
اسی طرح مڈل ایسٹ نیوز کی رپورٹ کے مطابق، عراقی حکام نے سکیورٹی فورسز کی مکمل تیاری اور ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ یہ عظیم مذہبی اجتماع نظم و سکون کے ساتھ انجام پائے اور زائرین کو پورے سفر کے دوران ضروری سہولیات میسر رہیں۔




