قہوہ (کافی) سے متعلق نئی تحقیق؛ جسمانی صحت، ذہنی دباؤ اور بڑھاپے پر مثبت اثرات کا انکشاف
قہوہ (کافی) سے متعلق نئی تحقیق؛ جسمانی صحت، ذہنی دباؤ اور بڑھاپے پر مثبت اثرات کا انکشاف
ایک نئی سائنسی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ قہوہ کے بعض اہم طبی فوائد اس میں پائے جانے والے مرکبات کے انسانی جسم کے ایک مخصوص پروٹین ریسیپٹر پر اثر انداز ہونے سے وابستہ ہیں۔
یورپی خبر رساں ایجنسی “یورونیوز” کے مطابق، امریکہ کی ٹیکساس اے اینڈ ایم یونیورسٹی کے محققین نے انکشاف کیا ہے کہ قہوہ میں موجود بعض قدرتی مرکبات “نر فور اے ون” نامی پروٹین ریسیپٹر کو متحرک کرتے ہیں۔
یہ ریسیپٹر جسم میں ذہنی دباؤ، سوزش اور بڑھاپے کے مختلف مراحل کو منظم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
تحقیق کے مطابق اس ریسیپٹر کے فعال ہونے سے خلیوں کو پہنچنے والے نقصان میں کمی آسکتی ہے اور جسم کی مجموعی کارکردگی بہتر ہو سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہی حیاتیاتی عمل ممکنہ طور پر اس بات کی وضاحت کرتا ہے کہ مناسب مقدار میں قہوہ پینے والے افراد میں بعض دائمی بیماریوں کا خطرہ کم دیکھا جاتا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ قہوہ کے معتدل استعمال کو دل کی صحت، دماغی فعالیت اور طویل عمر کے ساتھ جوڑ کر بھی دیکھا جا رہا ہے، اگرچہ محققین نے اس حوالے سے مزید تحقیقات کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ اس کے طبی فوائد کو مکمل طور پر سمجھا جا سکے۔




