نماز پوری پڑھنے اور روزہ واجب ہونے کے لئے شخص کا عرف میں مسافر نہ کہلانا کافی ہے: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی

مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کے روزانہ علمی نشست کا انعقاد بروز منگل 17 ذیقعدہ 1447ھ کو ہوا۔
ان نشستوں میں، حسبِ سابق، آپ نے حاضرین کے مختلف فقہی سوالات کے جوابات دیے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے مسافر کے بعض احکام کے بارے میں فرمایا: اکثر فقہاء کے نزدیک نماز کے تمام ہونے اور روزہ واجب ہونے کے لئے یہ شرط نہیں کہ وہ جگہ اس شخص کا وطن شمار ہو، بلکہ شرط یہ ہے کہ وہ شخص عرفاً مسافر نہ کہلائے۔
معظم لہ نے مزید فرمایا: مثال کے طور پر اگر کوئی شخص چند ماہ کے لئے کسی شہر میں اقامت اختیار کرے تو اسے مسافر کہا جاتا ہے، لیکن اگر وہ ایک، دو یا کئی سال تک تعلیم حاصل کرنے یا کام کرنے کی غرض سے وہاں مقیم ہو، تو پھر اس پر سفر کا عنوان صادق نہیں آتا اور اسے مسافر نہیں کہا جاتا۔ لہٰذا ایسی صورت میں اُس پر روزہ رکھنا بھی واجب ہوگا اور اس کی نماز بھی پوری ہوگی۔




