عراقمقدس مقامات اور روضے

عراق کے مقدس روضہ ہائے مبارک میں ولادتِ امام علی رضا علیہ السلام کی مناسبت سے جشن و سرور کی فضا

عراق کے مقدس شہروں میں امام علی رضا علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر روحانی خوشی، عقیدت اور مغفرت کی پرنور فضا قائم ہو گئی ہے، جہاں روضہ ہائے مبارک کو نہایت خوبصورتی سے سجایا گیا ہے اور جشنِ مسرت کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق نجف اشرف میں روضہ امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام، کربلا معلیٰ میں روضہ امام حسین علیہ السلام اور روضہ حضرت عباس علیہ السلام کے ساتھ بین الحرمین، کاظمین میں روضہ امام موسیٰ کاظم علیہ السلام و امام محمد تقی علیہ السلام، جبکہ سامرا میں امامین عسکریین علیہما السلام کے مزارات پر امام علی رضا علیہ السلام کے نام سے منسوب پرچم اور بینرز آویزاں کئے گئے ہیں۔

ان مقدس مقامات کو رنگ برنگے پھولوں اور دلکش روشنیوں سے مزین کیا گیا ہے، جس سے عقیدت مندوں کے دلوں کو ایک خاص روحانی کیفیت حاصل ہوتی ہے۔

اس بابرکت موقع پر عراق سمیت دنیا بھر سے زائرین کی بڑی تعداد ان مقدس روضوں پر حاضری دے رہی ہے۔ زائرین نہ صرف زیارت کی سعادت حاصل کر رہے ہیں بلکہ بارگاہِ اہلِ بیت علیہم السلام میں ہدیۂ تبریک بھی پیش کر رہے ہیں۔

تمام روضہ ہائے مبارک میں ولادتِ امام علی رضا علیہ السلام کی خوشی میں محافلِ ذکر و منقبت اور خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں اہلِ بیت علیہم السلام سے عقیدت کا بھرپور اظہار کیا جا رہا ہے۔ یہ روح پرور مناظر امتِ مسلمہ کے درمیان محبت، عقیدت، یکجہتی اور روحانیت کے پیغام کو مزید تقویت دے رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button