مغربی بنگال کے انتخابات سے قبل بڑے پیمانے پر مسلم ووٹرز کے نام حذف

مغربی بنگال میں ہونے والے اہم ریاستی انتخابات سے قبل ووٹرز کے ناموں کو بڑے پیمانے پر فہرست سے حذف کئے جانے نے، خاص طور پر مسلم اکثریتی علاقوں میں، اس طبقے کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کے حوالے سے سنگین خدشات کو جنم دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق متعدد شہری، معتبر دستاویزات رکھنے کے باوجود، اپنے حقِ رائے دہی سے محروم کر دیے گئے ہیں۔
روزنامہ گارڈین کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ووٹرز کی فہرست سے 9.1 ملین سے زائد نام حذف کیے گئے ہیں، جن میں نمایاں تعداد مسلمانوں اور دیگر مذہبی اقلیتوں کی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ عمل غیر متناسب طور پر انہی گروہوں کو نشانہ بنا رہا ہے، جس کے نتیجے میں ان کی سیاسی شرکت شدید متاثر ہو رہی ہے۔
ناقدین اس اقدام کو جمہوری اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے خبردار کر رہے ہیں کہ اس طرح کے اقدامات مسلمانوں کو مزید حاشیے پر دھکیل سکتے ہیں اور سیاسی ڈھانچے میں ان کی حیثیت کو کمزور کر سکتے ہیں۔
اسی طرح ڈیٹا کی جانچ کے دوران متنازع طریقوں کے استعمال کی اطلاعات نے بھی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔




