ہندوستان

سچے کی دوستی انسان کو سچا بناتی ہے: مولانا سید اشرف الغروی

لکھنو۔ رئیس مذہب معلم بشریت مربی امت امام جعفر صادق علیہ السلام کی مظلومانہ شہادت کی مناسبت سے دفتر نمائندگی آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ باب النجف سجاد باغ کالونی میں مجلس عزا منعقد ہوئی۔ جس کا آغاز مولانا محمد علی نے تلاوت قرآن کریم سے کیا اور آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ کے نمایندہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید اشرف علی الغروی نے مجلس عزا سے خطاب کیا۔

مولانا سید اشرف الغروی نے سورہ توبہ آیت 19 "اے ایمان والو! اللہ سے ڈرو اور سچوں کے ساتھ ہو جاؤ۔” کو سرنامہ کلام قرار دیتے ہوئے فرمایا: دوستی اور رفاقت کا انسانی زندگی پر گہرا اثر پڑتا ہے، سچے کی دوستی انسان کو سچا بناتی ہے اور جھوٹے کی دوستی انسان کو جھوٹ پر اکساتی ہے۔

نمایندہ مرجع اعلیٰ نے امام جعفر صادق علیہ السلام کی تعلیمی سیرت پر گفتگو کرتے ہوئے عباسی حاکم منصور دوانقی کے جرائم اور خیانتوں کا تذکرہ کیا کہ اگر اس کے جرائم اور خیانتیں نہ ہوتی تو اہل حق کی تعداد میں مزید اضافہ ہوتا اور لوگ حق سے منحرف نہ ہوتے۔

مولانا سید اشرف علی الغروی نے مزید فرمایا: دین، انسان کو قتل و خون اور ظلم و ستم کی اجازت نہیں دیتا۔ دین اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ کسی بے گناہ کا قتل کیا جائے، دین اجازت نہیں دیتا کہ عام شہریوں کے خون سے ہولی کھیلی جائے۔ لہذا دینی رہنما اور پیشوا کبھی بھی بے گناہوں کے خون بہانے کی اجازت نہیں دیتے بلکہ اس سے روکتے ہیں۔

حالات حاضرہ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مولانا سید اشرف علی الغروی نے فرمایا: یہ بھی حقیقت ہے کہ جب جب دینی پیشواؤں نے بے گناہوں کے خون بہانے سے روکا ہے تو ظالموں نے ان کی مخالفت کی ہے، ان کو دھمکی دے کر چپ کرانے کی کوشش کی ان کی توہین کی لیکن یہی دھمکیاں اور اہانتیں ان ظالموں کے زوال کی بنیاد بنی۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button