سوریہ کے شہر البوکمال میں اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد؛ میزائل اور جدید فوجی سازوسامان ضبط

مشرقی سوریہ کے شہر البوکمال میں سکیورٹی فورسز نے اسلحہ اور گولہ بارود کا ایک بڑا ذخیرہ دریافت کر لیا ہے۔
اس ذخیرے میں مختلف اقسام کے ہلکے اور نیم بھاری ہتھیار شامل تھے، جن میں سام–7 طیارہ شکن میزائل، کورنیٹ اور مالوتکا ٹینک شکن میزائل، آر پی جی راکٹ لانچر اور 73 ملی میٹر توپ بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ اس کارروائی میں 12.7 ملی میٹر کیلیبر کی بھاری دوشکا مشین گنیں، بڑی مقدار میں مارٹر گولے اور فوجی یونیفارم بھی ضبط کئے گئے ہیں۔
شامی خبر رساں ادارہ الاخباریہ کے مطابق یہ کارروائی داخلی سکیورٹی فورسز نے شامی انٹیلی جنس اداروں کے تعاون سے انجام دی، جبکہ برآمد ہونے والے ہتھیاروں کو سرکاری طور پر مسلح افواج کے گوداموں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس اسلحہ کے فراہم کنندگان کے نیٹ ورک کی شناخت کے لئے تحقیقات جاری ہیں۔
میڈل ایسٹ نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس بڑے اسلحہ خانے کی دریافت سرحدی علاقوں میں غیر قانونی اسلحہ کی ترسیل کو روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے اور مقامی سکیورٹی کو مضبوط بنا سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق ان ہتھیاروں کی سپلائی چین کی نشاندہی مشرقی سوریہ میں فوجی خطرات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔



