
میانمار میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جس کی شدت ریکٹر سکیل پر 6 ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلے کے باعث عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ عمارتوں سے باہر کھلے میدانوں میں جمع ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق زلزلہ پیما مرکز نے بتایا ہے کہ زلزلے کی گہرائی زمین میں 10 کلومیٹر تھی، جس کی وجہ سے جھٹکے کافی شدت سے محسوس کیے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے فوری بعد متاثرہ علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا تھا، تاہم خوش قسمتی سے اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ امدادی ٹیمیں صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔




