خبریںہندوستان

اللہ سے ڈرنے والا کسی سے نہیں ڈرتا: مقررین

لکھنو۔ دفتر نمائندگی آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ لکھنو کی جانب سے حسینیہ قائمہ خاتون میں ماہ رمضان المبارک کی مناسبت سے بعنوان "روش تبلیغ” جلسہ مبلغین منعقد ہوا۔
جلسہ کا آغاز مولانا احسن نواب نے تلاوت قرآن کریم سے کیا۔
بعدہ حجج اسلام مولانا فیروز علی بنارسی (استاد جامعہ امامیہ تنظیم المکاتب) معروف مبلغ مولانا اختر عباس جون، مولانا سید مشاہد عالم رضوی، مولانا سید رضا حیدر زیدی پرنسپل حوزہ علمیہ غفرانمآب رحمۃ اللہ علیہ لکھنو، مولانا سید سعید الحسن نقوی، مولانا سید گلزار حسین جعفری، مولانا سید حیدر عباس رضوی، مولانا سید سرتاج حیدر زیدی (مدرسہ سلطان المدارس)، مولانا سید محمد علی عابدی (ادارہ المعارج)، مولانا سید منظر صادق زیدی، مولانا مکاتب علی خان اور آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ کے نمایندہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید اشرف علی الغروی نے تقاریر کی۔

مقررین نے قرآن کریم اور احادیث معصومین علیہم السلام کی روشنی میں مبلغ کے صفات کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: الہی پیغامات کی تبلیغ کرنے والا صرف خدا سے ڈرتا ہے خدا کے علاوہ کسی سے نہیں ڈرتا۔ جو اللہ سے ڈرتا ہے وہی دوسروں کو (عذاب سے) ڈرا سکتا ہے۔

مقررین نے روایت بیان کرتے ہوئے فرمایا: زبان یا ہاتھ سے تبلیغ نہیں ہوتی بلکہ عمل سے تبلیغ ہوتی ہے۔ لہذا اگر کوئی بغیر خود عمل کئے دوسرے کو نصیحت کرتا ہے تو اس کی نصیحت کا اثر نہیں ہوتا۔

مدارس علمیہ کے موجودہ حالات کا ذکر کرتے ہوئے بیان کیا گیا کہ اگر مدارس پر توجہ نہیں دی گئی تو پھر عالم و مبلغ مل پانا مشکل ہو جائے گا۔ لہذا مدارس علمیہ پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

مبلغ کی شجاعت و جرات کا تذکرہ کرتے ہوئے بیان کیا گیا کہ جو اللہ کا پیغام پہنچاتا ہے، اللہ کے لئے پہنچاتا ہے، اللہ سے ڈرتا ہے تو وہ کسی لالچ یا خوف کی پرواہ نہیں کرتا۔

شرعی احکام کا تذکرہ کرتے ہوئے بیان کیا گیا کہ بیان احکام میں خاص توجہ دی جائے، مراجع کرام دامت برکاتہم کے فتاوی بیان کئے جائیں اس کے مقابلہ میں اپنا نظریہ بیان کرنے سے پرہیز کیا جائے۔

اس جلسہ میں نظامت کے فرائض مولانا سید علی ہاشم عابدی نے انجام دیا، جلسہ میں بڑی تعداد میں علماء، مبلغین، ائمہ جماعت نے شرکت کی۔
جلسہ کے آخر میں آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ کے نمایندہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید اشرف علی الغروی اور دیگر علماء کرام نے "ڈائری احیوا امرنا” اور "ماہنامہ نور الثقلین” اردو رومن کا رسم اجراء کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button