ہندوستان: تنظیم ملت کا 17 ربیع الاول کو جلوس مدح صحابہ اٹھانے کا اعلان
هندوستان: تنظیم ملت کا 17 ربیع الاول کو جلوس مدح صحابہ اٹھانے کا اعلان
لکھنو۔ 8 ستمبر 2025 کو تنظیم ملت کے سرپرست مولانا مرزا ممتاز علی کی صدارت میں ان کی رہائش گاہ پر اراکین تنظیم ملت کا ایک جلسہ منعقد ہوا۔ جس میں طے پایا کہ 17 ربیع الاول مطابق 10 ستمبر 2025 کو یوم ولادت باسعادت رسول اکرم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امام جعفر صادق علیہ السلام کے موقع پر دن میں ایک بجے امام باڑہ آصف الدولہ (بڑا امام باڑہ) میں علماء اور ذاکرین کی تقاریر کے بعد دن میں 3 بجے جلوس مدح صحابہ جھنڈوں کے ساتھ امام باڑہ شاہ نجف حضرت گنج تک جائے گا۔ جس کی درخواست پولیس کمشنر لکھنو کو بھیجی جا چکی ہے۔ اگر ضلع انتظامیہ نے جلوس روکا تو گرفتاریاں دی جائیں گی۔
واضح رہے کہ 1998 میں سنی فرقہ کو 12 ربیع الاول کے موقع پر ایک نیا جلوس، جلوس مدح صحابہ دیا گیا ہے جس کے جواب میں تنظیم ملت مساوی جلوس مدح صحابہ کا مطالبہ آئین کی دفعہ 11 اور 15 کے تحت کرتی چلی آرہی ہے۔ مگر ابھی تک 27 برس ہو گئے شیعہ فرقہ کو مساوی جلوس، جلوس مدح صحابہ کی اجازت نہیں دی گئی جس سے محسوس ہوتا ہے کہ حکومت اور ضلع انتظامیہ شیعوں کے آئینی حق کو نظر انداز کر رہی ہے۔ جلسہ میں معزرین شہر، شیعہ علماء، ذاکرین اور شعراء سے شرکت کی درخواست کی گئی اور انجمنوں کو دعوت نامہ بھیج کر گزارش کی گئی کہ وہ اپنے کلام اور جھنڈوں کے ساتھ وقت کی پابندی کا خیال کرتے ہوئے تشریف لائیں۔
جلسہ میں پرنس اقبال مرزا، آصف رضا، خورشید رضا فتح پوری، عباس نگار، اصغر مہدی ایڈوکیٹ، ڈاکٹر محمد نیر، فیاض حیدر، انتخاب رضوی، مبارک حسین زیدی، آفتاب عالم، مظفر حسین، لاڈلے مرزا، ہاشم حسین، سیدون نقوی، رفیع حیدر، آغا علی حسنین، پرویز نیتا وغیرہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ نظامت کے فرائض فیاض حیدر نے انجام دیے۔




