برازیل میں گرم ہوا کا غبارہ آسمان میں بنا آگ کا گولہ، 8 لوگوں کی موت، 13 شدید زخمی
برازیل میں گرم ہوا کا غبارہ آسمان میں بنا آگ کا گولہ، 8 لوگوں کی موت، 13 شدید زخمی
برازیل کی جنوبی ریاست سانتا کیٹرینا میں ایک دردناک حادثہ پیش آیا ہے۔ 21 لوگوں کو لے جا رہے ایک گرم ہوا کے غبارے میں اچانک آگ لگنے سے 8 کی موت ہو گئی جبکہ 13 شدید طور سے زخمی ہیں۔ زندہ بچے لوگوں کو قریب کے اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا۔ اس حادثے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زمین سے قریب 100 فٹ کی اونچائی پر ہاٹ بلون میں آگ لگ جاتی ہے اور وہ تباہ ہوجاتا ہے۔ وہیں بلون میں بیٹھے لوگ نیچے گر جاتے ہیں۔
سانتا کیٹرینا کے گورنر جورجنہو میلو کے مطابق یہ حادثہ ہفتہ کی صبح پیش آیا۔ انہوں نے ’ایکس‘ پر اپنے پوسٹ میں مرنے والوں کی تصدیق کی ہے۔ میلو نے لکھا، ’’ہم سبھی ہفتہ کی صبح پرایا گرانڈے میں ایک گرم ہوا کے غبارے سے جڑے حادثہ سے حیران ہیں۔ ہماری ریسکیو ٹیم پہلے سے ہی جائے وقوع پر ہے۔ اب تک ہم نے 8 اموات کی تصدیق کی ہے۔‘‘ اس معاملے میں افسروں نے اپنی جانچ شروع کر دی لیکن لیکن ابھی تک گرم ہوا کے غبارے میں آگ لگنے کی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔
پرایا گرانڈے پولیس اسٹیشن کے افسر ٹیاگو لوئز لیموس نے جائے حادثہ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا، ’’پائلٹ جو زندہ بچے لوگوں میں سے ایک ہے، اس کے مطابق باسکیٹ کے اندر آگ لگ گئی تھی، اس لیے اس نے غبارے کو نیچے کرنا شروع کر دیا۔ اور جب غبارہ زمین کے بہت قریب پہنچ گیا تو اس نے لوگوں کو کودنے کے لیے کہا۔ انہوں نے کودنا شروع کیا، لیکن کچھ لوگ ایسا نہیں کر پائے۔ آگ کے شعلے بڑھنے لگے اور غبارہ پھر اوپر اٹھنے لگا۔ بعد میں سسپنشن نہیں ہونے کی وجہ سے یہ نیچے گر گیا۔‘‘
برازیل کے صدر لوئس اناسیو لولا دا سلوا نے ’ایکس‘ پر اپنے پوسٹ میں اس دردناک واقعہ پر اپنے گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ کے تئیں ہمدردی جتائی۔
واضح رہے کہ پرایا گرانڈے سانتا کیٹرینا میں واقع ہے اور یہ ایک مقبول سیاحتی مقام ہے۔ یہ شہر اپنی ہاٹ ایئر بلون سے جڑی سرگرمیوں کے لیے مشہور ہے۔ نیوز ایجنسی ایسو سی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق جون کے تہواروں کے دوران برازیل کے جنوبی حصوں میں ہاٹل ایئر بلون ایک مقبول سرگرمی ہے، جس میں سینٹ جان جیسے کیتھولک سنتوں کا جشن منایا جاتا ہے۔