آیت اللہ العظمیٰ شیرازی: تمام مطلقات عرفی مصادیق کی طرف منصرف ہوتی ہیں
آیت اللہ العظمیٰ شیرازی: تمام مطلقات عرفی مصادیق کی طرف منصرف ہوتی ہیں
شہر مقدس قم میں مرجع عالیقدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کی رہائش گاہ پر ایک علمی و معنوی نشست اور مجلسِ عزا منعقد ہوئی، جو فقہی بصیرت اور حسینی حزن و ملال کا حسین امتزاج تھی۔
یہ نشست جمعرات، 8ذی الحجہ 1446 ہجری کو ان کی روزانہ علمی جلسہ کے تسلسل میں منعقد ہوئی، جس میں آیت اللہ العظمیٰ شیرازی نے حسبِ معمول حاضرین کے فقہی سوالات کے جوابات دیے۔ فقہی گفتگو کے دوران انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے فرمایا کہ: "فقہا نے تصریح کی ہے کہ تمام مطلقات متعارف یعنی عرفی مصادیق کی طرف منصرف ہوتی ہیں، اور یہ اصول متعدد بار ‘جواهر الکلام’، ‘حدائق’، ‘مستند مرحوم نراقی’ اور ‘عروة الوثقی’ جیسی معتبر فقہی کتب میں ذکر ہوا ہے۔”
اسی نشست کے بعد ایامِ شہادتِ غریبانہ حضرت مسلم بن عقیل علیہ السلام اور ایامِ زیارتِ امام حسین علیہ السلام کی مناسبت سے ایک پُر سوز مجلسِ عزا بھی منعقد ہوئی۔ اس مجلس میں علما، فضلا، اور اہلِ بیت علیہم السلام کے عقیدت مندوں نے شرکت کی اور حضرت سفیرِ حسینی، مسلم بن عقیل علیہ السلام کی دردناک مصیبتوں کا تذکرہ کیا۔ مجلس کے اختتام پر حاضرین نے امام زمانہ حضرت مہدی موعود عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے جلد ظہور اور دنیا سے بلاؤں کے رفع کے لیے دعا کی۔
یہ بابرکت اجتماع فقہی معارف اور حسینی جذبات کا جامع مظہر تھا، جو معرفت و عقیدت کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔




