شادی وسعتِ رزق کا باعث ہے: مولانا سید نقی مہدی زیدی
شادی وسعتِ رزق کا باعث ہے: مولانا سید نقی مہدی زیدی
مولانا سید نقی مہدی زیدی نے تاراگڑھ اجمیر ہندوستان میں نمازِ جمعہ کے خطبوں میں نمازیوں کو تقوائے الٰہی کی نصیحت کے بعد امام حسن عسکری علیہ السلام کے وصیت نامے کی روشنی میں حقوق اولاد کے حوالے سے کہا: رسول اکرم صلیٰ اللّہ علیہ وآلہ نے فرمایا مِن حَقِّ الوَلَدِ على والِدِهِ ثلاثَةٌ : يُحَسِّنُ اسمَهُ ، ويُعَلِّمُهُ الكِتابَةَ ، ويُزَوِّجُهُ إذا بَلَغَ، اولاد کے باپ پر تین حق ہیں: ان کے اچھے نام رکھے، انہیں لکھنا پڑھنا سکھائے اور جب بالغ ہوجائے اس کی شادی کردے، گھرانے کی تشکیل میں شادی کا بہت اہم کردار ہوتا ہے اور اسی وجہ سے دین اسلام میں شادی کرنے کی بہت ترغیب اور تشویق کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ: شادی،وسعتِ رزق کا باعث ہے اسحاق بن عمّار فرماتے ہیں کہ میں نے امام صادق علیہ السلام کی خدمت میں عرض کیا کہ کیا یہ قصّہ صحیح ہے جو لوگ سناتے ہیں کہ ایک شخص نے حضور اکرم صلیٰ اللّہ علیہ وآلہ کی خدمت میں آکر اپنی غربت اور فقرو ناداری کی شکایت کی تو حضور اکرم صلیٰ اللّہ علیہ وآلہ نے اسے شادی کرنے کا حکم دیا،کچھ عرصے بعد وہی شخص دوبارہ حضور کی خدمت میں آیا اور اس نے وہی شکایت دہرائی،حضور نے پھر اسے شادی کا حکم دیا اور اس نے شادی کی،حتّیٰ کہ تین مرتبہ ایسا ہی ہوا۔ امام صادق علیہ السّلام نے فرمایا جی ہاں یہ قصّہ درست ہے،اور پھر فرمایا:
الرّزقُ معَ النِّسآئِ وَالعیالِ رزق بیویوں اور بچّوں کے ساتھ ہے، امام جعفر صّـادِقُ عليه السلام نے فرمایا "منْ تَرَكَ التَّزْويجَ مَخافَةَ الْفَقْرِ فَقَدْ اَساءَ الظَّنَّ بِاللّهِ ـ عَزَّ وَ جَلَّ ـ ، اِنَّ اللّهَ ـ عَزَّ وَ جَلَّ ـ يَقُولُ: «اِنْ يَكُونُوا فُقَـراءَ يُغْنِـهِمُ اللّهُ مِـنْ فَضْـلِهِ”، جس نے فقر و تنگدستی کے خوف سے شادی نہیں کی وہ اللہ (کے لطف وکرم) سے بدگمان ہوا۔ کیوں کہ خداوند عالم نے فرمایا: اگر وہ فقیر ہو گا تو اللہ اپنے فضل سے غنی کر دے گا۔
خطیب جمعہ تاراگڑھ نے کہا کہ: رسول اللہ صلي الله عليه و آله نے فرمایا "منْ تَزَوَّجَ امْرَأَةً لِمالِها وَ كَلَهُ اللّهُ اِلَيْهِ، وَ مَنْ تَـزَوَّجَها لِجَمالِها رَأى فِيـها ما يَـكْرَهُ، وَ مَنْ تَـزَوَّجَها لِدِينِـها جَـمَعَ اللّهُ لَـهُ ذلِـكَ”، جو کسی عورت سے اس کے مال و دولت کے سبب شادی کرے گا تو اللہ اسے اس مال کے حوالے کر دے گا، جو کسی عورت سے اس کے حُسن و جمال کے سبب شادی کرے گا تو اس میں وہ باتیں پائے گا جو اسے نا پسند ہیں اور جو کسی عورت سے اس کے دین کے سبب شادی کرے گا تو اللہ اسے سب کچھ عطا کرے گا۔
امام جمعہ تاراگڑھ نے کہا کہ: ہماری شادیوں میں عقد جناب امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام و صدیقہ طاھرہ جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو نمونہ عمل ہونا چاہیے.