سپریم کورٹ میں وزیراعلیٰ بیرین سنگھ کی مصیبت میں اضافہ، ان کے خلاف جانچ کی پٹیشن پر شنوائی
منی پور میں پھر تشدد پھوٹ پڑا ہے۔ جیری بام علاقے سے تازہ تشدد کی اطلاع ملی ہے، جہاں میتئی گروپ نے ہمار گاؤں پر حملہ کیا ہے جس میں ۱۰؍گھروں کو آگ لگا دی گئی۔ ساتھ ہی اس تشدد میں ایک خاتون کی موت ہو گئی ہے۔منی پور کی قبائلی تنظیم آئی ٹی ایل ایف نےجمعہ کو یہ جانکاری دی۔
آئی ٹی ایل ایف کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملہ جمعرات کی دیر رات اس وقت ہوا جب مسلح میتئی گروپ ارمبائی ٹینگول اور یو این ایل ایف گروپوں نے مبینہ طور پر جیری بام کے جارون گاؤں پر حملہ کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فائرنگ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ حملے کے دوران دس سے زائد مکانات کو آگ لگا دی گئی۔ آگ میں جھلسنے سے سنگکم نامی خاتون کی موت ہو گئی۔دریں اثناء آئی ٹی ایل ایف نے میئتی عسکریت پسند تنظیم کے سی پی-پی ڈبلیو جی کے ذریعہ کانگ پوکپی ضلع کے کانگچپ پتجنگ گاؤں پر قبضے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوکی علاقوں میں ان کی موجودگی اور دراندازی نے تناؤ اور خوف پیدا کیا ہے۔
اُدھر سپریم کورٹ اُس آڈیو ٹیپ کی بنیاد پر وزیراعلیٰ بیرن سنگھ کے خلاف جانچ کی پٹیشن پر سماعت کیلئے رضامند ہوگیا ہے جس کی بنیاد پر کہا جارہاہے کہ ریاست میں تشدد کے واقعات میں شرپسندوں کو ان کی کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے۔