دنیا

16 نومبر عالمی یومِ رواداری کی یاد؛ انتہا پسندی و نفرت انگیزی کے خلاف جدوجہد کی ضرورت

ہر سال 16 نومبر کو عالمی یومِ رواداری کے طور پر منایا جاتا ہے۔ یہ دن پُرامن بقائے باہم، ثقافتی و مذہبی تنوع کی قبولیت اور ہر طرح کے امتیاز، تشدد اور اندھے تعصب کے خلاف عالمی برادری کو متحد کرنے کا ایک قیمتی موقع فراہم کرتا ہے۔

ہمارے ساتھی نے اس موضوع پر اپنی رپورٹ میں جائزہ لیا ہے، آئیے ہم بھی دیکھتے ہیں:

16 نومبر، کو اقوامِ متحدہ اور اس کے ادارۂ تعلیم، سائنس و ثقافت (یونیسکو) نے "عالمی یومِ رواداری” قرار دیا ہے۔

اس اہم بین الاقوامی دن کی بنیاد پہلی بار 1995 میں مہاتما گاندھی کی سو سالہ یومِ پیدائش کے موقع پر رکھی گئی، جب یونیسکو کے رکن ممالک نے "اعلامیۂ اصولِ رواداری” منظور کیا، تاکہ دنیا کی توجہ عدم برداشت، تعصب، تشدد اور نفرت انگیزی سے پیدا ہونے والے بڑھتے ہوئے خطرات کی طرف مبذول کرائی جا سکے۔

خبر رساں ایجنسی اخبارِ شیعہ کی رپورٹ کے مطابق، اس دن کو مقرر کرنے کا بنیادی مقصد مکالمے کی ثقافت کو فروغ دینا، انسانی حقوق کی تعلیم دینا اور مختلف ادیان، مسالک، تہذیبوں اور اقوام کے پیروکاروں کے درمیان باہمی احترام کو راسخ کرنا ہے۔

اس دن کے منشور کے مطابق رواداری کا مطلب اصولوں سے دست برداری یا ناانصافی کے آگے سر جھکا دینا نہیں ہے، بلکہ دوسروں کے بنیادی انسانی حقوق اور آزادیوں کو تسلیم کرنا اور اس حقیقت کو سمجھنا ہے کہ ثقافتی و مذہبی تنوع انسانیت کے لیے ایک قیمتی سرمایہ ہے، اسے انتشار اور تصادم کا ذریعہ نہیں بننا چاہیے۔

موجودہ عالمی حالات میں، جب اسلاموفوبیا، مذہبی امتیاز، نسل پرستی، شدت پسندی، تشدد اور انتہا پسندی جیسے رجحانات دنیا کے مختلف حصوں میں معاشروں کے امن و سکون کے لیے سنگین چیلنج بن چکے ہیں، بین الاقوامی ادارے تعصب پر مبنی تشدد کی روک تھام میں تعلیم، ذرائع ابلاغ اور منصفانہ قوانین کے کلیدی کردار پر زور دے رہے ہیں۔

قرآنِ کریم کی تعلیمات میں بھی "لَا إِكْرَاهَ فِي الدِّينِ” ("دین [کے قبول کرنے] میں کوئی جبر نہیں ہے”) کے اصول اور بہترین انداز میں بحث و مباحثہ کی دعوت کے ساتھ ساتھ، چودہ معصومین علیہم السلام کی روایات اور سیرتِ عملی میں بھی رواداری کے روشن ترین نمونے ملتے ہیں۔ ان میں پیغمبرِ خدا صلی اللہ علیہ و آلہ کا فتحِ مکہ کے موقع پر عام معافی کا اعلان، حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا پڑوسیوں کے ساتھ کریمانہ برتاؤ، امیرالمومنین علیہ السلام کا مالکِ اشتر کے نام تاریخی فرمان، جس میں فرمایا گیا کہ لوگ یا تو تمہارے دینی بھائی ہیں یا خلقت میں تمہارے جیسے انسان، اور امام جعفر صادق علیہ السلام کے دیگر ادیان و افکار کے پیروکاروں کے ساتھ باوقار مناظرے شامل ہیں۔ یہ سب انسانیت کے لیے رواداری، تکریمِ انسان اور پُرامن بقائے باہم کی درخشاں مثالوں کے طور پر پیش کیے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button