عراق

زائرین اربعین کی واپسی کے لئے عراقی بارڈر کراسنگ اتھارٹی کی مکمل تیاری، تمام سرحدی گزرگاہیں ہائی الرٹ

اربعینِ حسینی کی عظیم الشان زیارت اپنے اختتام کے قریب پہنچنے کے ساتھ ہی حضرت امام حسین علیہ السلام کے لاکھوں زائرین کی اپنے اپنے ممالک واپسی کے لئے عراق کی متعلقہ سرکاری اداروں نے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

عراقی انتظامیہ کی مختلف ایجنسیوں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی کے ذریعے سرحدی گزرگاہوں پر زائرین کو تیز، منظم اور بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے جامع منصوبہ نافذ کیا جا رہا ہے۔

عراق کی سرکاری خبر رساں ایجنسی واع (INA) کے مطابق، بارڈر کراسنگ اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں ادارے کے سربراہ عدنان الوائلی نے اعلان کیا ہے کہ تمام سرحدی گزرگاہیں زائرین کی واپسی کے عمل کو تیز، منظم اور سہل بنانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

انہوں نے سرحدی گزرگاہ زرباطیہ کے دورے کے دوران کہا کہ یہ اقدامات عراقی وزیرِ اعظم کی ہدایات اور عظیم عوامی اجتماعات کے انتظام کے لئے قائم اعلیٰ کمیٹی کی سفارشات کے مطابق کیے جا رہے ہیں۔

بیان کے مطابق، سرحدی گزرگاہوں پر تعینات عملہ سکیورٹی اور خدماتی اداروں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے تحت چوبیس گھنٹے اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے۔

ان اقدامات کا بنیادی مقصد قانونی کارروائی کو تیز کرنا، بڑی تعداد میں واپس آنے والے زائرین کی آسانی سے آمدورفت کو یقینی بنانا اور سرحدوں پر انتظار کے وقت کو کم سے کم کرتے ہوئے ان کی محفوظ اور منظم واپسی کو یقینی بنانا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button