اربعین زائرین کی خدمت کے لئے روضۂ حسینی و روضۂ عباسی کے شعبۂ خواتین کی بھرپور تیاریاں؛ طبی، رہائشی، ثقافتی اور دینی خدمات کا جامع انتظام
اربعین زائرین کی خدمت کے لئے روضۂ حسینی و روضۂ عباسی کے شعبۂ خواتین کی بھرپور تیاریاں؛ طبی، رہائشی، ثقافتی اور دینی خدمات کا جامع انتظام
اربعینِ حسینی کے عظیم الشان اجتماع کے پیشِ نظر روضۂ مبارک امام حسین علیہ السلام اور روضۂ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبۂ خواتین نے مکمل تیاری کرتے ہوئے انسانی وسائل اور انتظامی سہولیات کو بروئے کار لاتے ہوئے کربلائے معلی اور اس کی جانب جانے والے راستوں پر زائرین کی بہترین میزبانی کے لئے وسیع منصوبے نافذ کیے ہیں۔
روضۂ امام حسین علیہ السلام کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق، شعبۂ خواتین کے ذمہ دار انجینئر کاظم الموسوی نے بتایا کہ رفاہی اور طبی خدمات کی فراہمی کے لئے 2,250 خواتین خادمات (جن میں 750 مستقل ملازمین اور 1,500 رضاکار خادمات شامل ہیں) کو خدمات پر مامور کیا گیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت روضۂ امام حسین علیہ السلام کے زیرِ زمین حصوں (سردابوں) کو زائرین کے لئے تیار کیا گیا ہے، ٹھنڈک کے نظام کو مزید وسعت دی گئی ہے، جبکہ سفیر الحسین علیہ السلام اسپتال اور جمعیۃ الوارث اسکاؤٹس کے تعاون سے آٹھ خصوصی طبی مراکز بھی قائم کئے گئے ہیں تاکہ زائرین کو فوری اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
دوسری جانب، عالمی الکفیل نیٹ ورک کے مطابق بابل سے کربلا جانے والے راستے پر واقع مجتمع زائرین "العلقمی” شب و روز زائرین کو رہائش، کھانے پینے اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کر رہا ہے، جہاں اب تک پانچ ہزار سے زائد طبی و صحتی خدمات بھی مہیا کی جا چکی ہیں۔
اسی سلسلے میں روضۂ مبارک حضرت عباسؑ کے شعبۂ خواتین کے ذمہ داران نے اس عظیم زیارت کے روحانی و معنوی پہلوؤں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ زائرین کے دینی شعور اور معرفت میں اضافہ کرنے کے لیے ثقافتی، دینی اور تربیتی پروگراموں کے ساتھ ساتھ بچوں کے لیے خصوصی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ یہ پروگرام حوزۂ علمیہ "فدک الزہراء” اور "البتول” کے تعاون سے منعقد کیے جا رہے ہیں۔




