دمشق میں وزارتِ دفاع سے وابستہ عمارت کے قریب دھماکہ؛ باب شرقی میں فوجی اور شہری ہلاک و زخمی

دمشق میں وزارتِ دفاع سے وابستہ ایک عمارت کے قریب ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
خبر رساں ایجنسی’’اناطولی‘‘ کے مطابق، یہ واقعہ باب شرقی کے علاقے میں وزارتِ دفاع کے شعبۂ اسلحہ کے قریب پیش آیا، جس کے بعد دارالحکومت دمشق کے مختلف علاقوں میں سخت سکیورٹی اقدامات نافذ کر دیے گئے۔
رپورٹس کے مطابق، دھماکے کی شدت سے اطراف میں کھڑی کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا، جبکہ دھماکے کے بعد علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔
سرکاری شامی خبر رساں ایجنسی ’’سانا‘‘ کے مطابق، شامی سکیورٹی فورسز نے دھماکے سے قبل وزارتِ دفاع کی عمارت کے اطراف ایک دھماکا خیز مواد کی نشاندہی کی تھی، جو پھٹنے کے لیے تیار تھا۔
رپورٹ کے مطابق، فوجی اور سکیورٹی اہلکار بم کو ناکارہ بنانے کی کارروائی میں مصروف تھے کہ اسی دوران اسی علاقے میں ایک بارود سے بھری گاڑی دھماکے سے پھٹ گئی۔
شامی ٹیلی وژن نے وزارتِ دفاع کے حوالے سے بتایا کہ یہ دھماکہ اس وقت پیش آیا جب سکیورٹی فورسز بم نصب شدہ گاڑی کو ناکارہ بنانے کی کوشش کر رہی تھیں۔
مڈل ایسٹ نیوز کے مطابق، شامی وزارتِ صحت نے زخمیوں کی تعداد 12 بتائی ہے، جن میں فوجی اہلکاروں کے ساتھ عام شہری بھی شامل ہیں۔
بعض مقامی شامی ذرائع کے مطابق، اس حملے کا ہدف وزارتِ دفاع کا شعبۂ اسلحہ تھا، جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ ممکنہ طور پر دیسی ساختہ بم کے ذریعہ کیا گیا۔




