دنیا بھر میں شیعوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کی ماہانہ رپورٹ

دنیا کے مختلف خطوں میں انسانی حقوق کی صورتحال پر جاری ایک نئی رپورٹ کے مطابق اپریل 2026 کے دوران کئی ممالک میں شیعوں کے حقوق کی خلاف ورزی، وسیع پیمانے پر گرفتاریاں اور پرتشدد حملوں کے متعدد واقعات ریکارڈ کئے گئے ہیں۔
رپورٹ میں علاقائی جنگوں اور تنازعات کے غیر فوجی افراد پر پڑنے والے اثرات کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔
عالمی تنظیم "شیعہ رائٹس واچ” کے مطابق متحدہ عرب امارات، افغانستان، پاکستان، بحرین، کویت، شام اور سعودی عرب جیسے ممالک میں ہدف بنا کر گرفتاریاں، مسلح حملے، سزائے موت اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کے واقعات سامنے آئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق افغانستان کے شہر ہرات میں ایک مسلح حملے کے نتیجے میں متعدد عام شہری ہلاک اور زخمی ہوئے، جبکہ پاکستان میں بھی دہشت گرد حملوں اور دھماکوں میں کئی شہری جان کی بازی ہار گئے۔
اسی طرح بحرین اور کویت میں شیعہ مذہبی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد کو گرفتار کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ شام میں شیعیان کے خلاف سب سے زیادہ تشدد دیکھنے میں آیا، جس میں ماورائے عدالت قتل، بڑے پیمانے پر گرفتاریاں، مذہبی مقامات کی تباہی، تشدد اور جبری گمشدگیوں کے متعدد واقعات شامل ہیں۔
اسی طرح مشرقِ وسطیٰ کے حوالے سے ایران اور لبنان کی وزارتِ صحت کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ جاری تنازعات کے نتیجے میں ہزاروں عام شہری ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں، جو خطہ میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران کی عکاسی کرتا ہے۔




