لکھنؤ ایئرپورٹ پر حجاج کرام سے بھرے طیارہ کے پہیہ میں آگ، پائلٹ کی ہوشیاری سے 250 جانیں محفوظ
لکھنؤ ایئرپورٹ پر حجاج کرام سے بھرے طیارہ کے پہیہ میں آگ، پائلٹ کی ہوشیاری سے 250 جانیں محفوظ
جدہ سے حجاج کرام کو لے کر آنے والا سعودی عربیہ ایئرلائنس کا طیارہ اتوار کے روز لکھنؤ کے اموسی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران ایک خطرناک حادثے سے بال بال بچ گیا۔ لینڈنگ کے فوراً بعد جب طیارہ ٹیکسی وے کی طرف جا رہا تھا، اچانک اس کے بائیں پہیے سے چنگاری اور دھواں نکلنے لگا، جس سے طیارے میں سوار تقریباً 250 مسافروں کی جان خطرے میں پڑ گئی۔
پائلٹ نے فوری طور پر صورت حال کو بھانپتے ہوئے ایئر ٹریفک کنٹرولر (اے ٹی سی) کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور چنگاری پر قابو پا لیا، جس سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ واقعے کے وقت تمام حجاج اور عملہ طیارے میں موجود تھا، مگر خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق پہیے سے چنگاری اور دھواں نکلنے کی وجہ ہائیڈرولک سسٹم کا لیک ہونا بتایا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیوز بھی وائرل ہو رہی ہیں، جن میں طیارے کے نیچے سے دھواں اٹھتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ مزید جانچ جاری ہے۔