کولمبیا کے صدارتی امیدوار میگوئل یوریب پر قاتلانہ حملہ، حکومت کی شدید مذمت
کولمبیا کے صدارتی امیدوار میگوئل یوریب پر قاتلانہ حملہ، حکومت کی شدید مذمت
کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا میں ایک انتخابی ریلی کے دوران صدارتی امیدوار اور حزبِ اختلاف کے سینیٹر میگوئل یوریب پر فائرنگ کی گئی، جس سے وہ زخمی ہو گئے۔ 39 سالہ یوریب ڈیموکریٹک سینٹر پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں، جو سابق صدر الوارو یوریب کی قیادت میں کام کرتی ہے۔ واقعے کی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ جلسے سے خطاب کر رہے تھے کہ اچانک فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں، اور پھر انہیں خون میں لت پت ایک سفید گاڑی پر جھکا ہوا دیکھا گیا۔
صدر گستاوو پیترو کی حکومت نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے جمہوریت، آزادیٔ اظہار اور سیاسی عمل پر حملہ قرار دیا۔ بوگوٹا کے میئر کارلوس گالان نے بتایا کہ یوریب کو فوری طبی امداد دی جا رہی ہے جبکہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
وزیرِ دفاع پیدرو سانچیز نے اعلان کیا کہ حملے میں ملوث عناصر کی گرفتاری میں مدد دینے والوں کے لیے 7 لاکھ ڈالر انعام مقرر کیا گیا ہے۔ فوج اور پولیس کی اعلیٰ قیادت اس واقعے سے نمٹنے کے لیے ہنگامی حکمت عملی طے کر رہی ہے۔