یانگون۔ میانمار میں سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 384 ہو گئی ہے اور 89 لوگ لاپتہ ہیں۔ میانمار کی ریاستی انتظامی کونسل کی معلوماتی ٹیم نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ مرنے والوں میں نیپیداد یونین ٹریٹری سے 164، منڈالے ریجن سے 134، شان اسٹیٹ سے 78، ریاست کاجم سے پانچ، باگو ریجن سے 2 اور ایئر واڈی ریجن سے ایک شخص شامل ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ سیلاب نے 9 علاقوں اور ریاستوں میں درجنوں بستیوں کو متاثر کیا، جو ملک کے تقریبا 16 فیصد رقبے پر محیط ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق 2149 عمارتیں مکمل طور پر تباہ، 3455 کو جزوی طور پر نقصان پہنچا اور 546 اسکول زیر آب آگئے۔ اس کے علاوہ 533 سڑکیں اور پل، 2489 بجلی کے کھمبے اور 99 مواصلاتی ٹاور بھی تباہ ہوئے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ سیلاب سے کل 148643 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ سیلاب سے 735461 ایکڑ دھان کے کھیت تباہ ہو چکے ہیں اور 144998 جانور اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ سمندری طوفان یاگی کی وجہ سے آنے والا سیلاب اور خلیج بنگال میں گہرا دباؤ گذشتہ 50 برسوں سب سے زیادہ تباہ کن تھا۔ رات کے وقت شدید بارش اور پہاڑوں سے پانی بہنے سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ مقامی حکام، امدادی تنظیمیں اور رہائشی متاثرہ علاقوں کی صفائی، صحت کی دیکھ بھال اور متاثرین میں خوراک اور دیگر ضروری اشیاء تقسیم کرنے کے لئے مل کر کام کر رہے ہیں۔