علی گڑھ: ہجومی تشدد میں مسلم نوجوان کا قتل، 4 لوگ حراست میں
اترپردیش کے علی گڑھ میں منگل کی رات گاندھی پارک علاقے میں ایک نوجوان کو 3 افراد نے بے رحمی سے مارا پیٹا جس کے نتیجے میں اس کی موت ہو گئی۔ پولیس نے اس معاملے میں 4 افراد کو حراست میں لیا ہے۔ سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماجوادی پارٹی کے لیڈران نے دھرنا دیتے ہوئے ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کی مانگ کی۔
اترپردیش کے علی گڑھ ضلع میں منگل کی دیر رات گاندھی پارک تھانہ علاقہ کے محلہ رنگریجن، ماموں بھانجا میں ایک کپڑا تاجر کے گھر میں گھسنے والے غیر برادری کے ایک نوجوان کو چوری کے شبہ میں پیٹ پیٹ کر ہلاک کیا گیا ہے۔ نوجوان کو مارنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ اطلاع ملنے کے بعد پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی تھی اور نوجوان کو اسپتال منتقل کیا تھا جہاں ڈاکٹروں سے اسے مردہ قرار دیا۔ علاقے میں بڑھتی مشکلات کی وجہ سے بھاری پولیس فورسیز تعینات کی گئی ہے۔