تاریخ اسلامخبریں

15 جمادی الثانی؛ جنگِ جمل جب مسلمانوں کی تلواریں مسلمانوں کے مقابل آگئیں

جنگِ جمل اسلامی تاریخ کا ایک اہم اور دردناک واقعہ ہے، جو 36 ہجری میں بصرہ کے قریب امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام کے دورِ خلافت میں پیش آیا۔ اسے جنگِ جمل اس لئے کہا جاتا ہے کہ عائشہ بنت ابی بکر ایک اونٹ پر سوار تھیں اور اسی کے گرد جنگ کا بڑا حصہ جاری رہا۔

تیسرے خلیفہ عثمان بن عفان کے قتل کے بعد امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام کی بیعت ہوئی، لیکن سیاسی حالات کشیدہ تھے۔ طلحہ، زبیر اور عائشہ نے قاتلانِ عثمان سے قصاص کا مطالبہ کرتے ہوئے بصرہ کا رخ کیا۔ امام علی علیہ السلام کا موقف تھا کہ پہلے امن و استحکام قائم کیا جائے تاکہ قاتلانِ عثمان کے خلاف منصفانہ کارروائی ممکن ہو۔ حالات کی کشیدگی کے نتیجے میں دونوں گروہوں کے درمیان جنگ چھڑ گئی۔

جنگ کی تاریخ کے بارے میں مؤرخین کے درمیان اختلاف ہے۔ بعض روایات میں 15 جمادی الثانی 36 ہجری کا ذکر کیا ہے۔ 

شیعہ عقائد کے مطابق امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ کے منصوص امام اور برحق خلیفہ تھے۔ اس بنا پر آپ کے خلاف مسلح اقدام عہد شکنی اور امامِ برحق کے مقابل بغاوت تھا۔ اسی لئے اس گروہ کو تاریخی اصطلاح میں ’’ناکثین‘‘ کہا جاتا ہے۔ شیخ مفید رضوان اللہ تعالیٰ علیہ نے اپنی کتاب الجمل والنصرۃ لسید العترۃ فی حرب البصرۃ میں اس واقعہ کی تفصیلات بیان کی ہیں۔

اہلِ سنت کے بیشتر علماء اس واقعے کو صحابہ کے درمیان اجتہادی اختلاف قرار دیتے ہیں اور امام علی علیہ السلام کے موقف کو درست تر تسلیم کرتے ہیں۔ قرآن مجید مسلمانوں کے باہمی تصادم کی صورت میں اصلاح اور عدل کا حکم دیتا ہے: "وَإِنْ طَائِفَتَانِ مِنَ الْمُؤْمِنِينَ اقْتَتَلُوا فَأَصْلِحُوا بَيْنَهُمَا” (الحجرات: 9)۔

اس جنگ میں جانی نقصان کی تعداد کے بارے میں تاریخی روایات میں نمایاں اختلاف ہے۔ طبری نے بعض روایات میں مقتولین کی تعداد 6 ہزار سے زیادہ اور ایک دوسری روایت میں تقریباً 10 ہزار بیان کی ہے، جس میں دونوں لشکروں کے افراد شامل تھے۔ مسعودی نے بھی مختلف اعداد نقل کئے ہیں۔ ان روایات کی بنیاد پر کسی ایک تعداد یا دونوں لشکروں کے مقتولین کی قطعی تقسیم متعین کرنا ممکن نہیں۔ تاہم یہ واضح ہے کہ اس تصادم میں مسلمانوں کی بڑی تعداد جان سے گئی، خاندان متاثر ہوئے اور امت کی سیاسی و اجتماعی وحدت کو شدید نقصان پہنچا۔ جس کے ذمہ دار براہ راست طلحہ، زبیر اور عائشہ ہیں۔

نہج البلاغہ کے خطبہ 131 میں امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام اپنے مقصد کی وضاحت کرتے ہوئے فرماتے ہیں: "اللَّهُمَّ إِنَّكَ تَعْلَمُ أَنَّهُ لَمْ يَكُنِ الَّذِي كَانَ مِنَّا مُنَافَسَةً فِي سُلْطَانٍ، وَلَا الْتِمَاسَ شَيْءٍ مِنْ فُضُولِ الْحُطَامِ، وَلَكِنْ لِنَرُدَّ الْمَعَالِمَ مِنْ دِينِكَ، وَنُظْهِرَ الْإِصْلَاحَ فِي بِلَادِكَ”؛ یعنی خدایا! تو جانتا ہے کہ ہماری جدوجہد نہ اقتدار کی مسابقت کے لئے تھی اور نہ دنیاوی مال و متاع کے حصول کے لئے، بلکہ ہمارا مقصد دین کی نشانیوں کو بحال کرنا اور تیرے شہروں میں اصلاح قائم کرنا تھا۔

جنگ کے خاتمہ کے بعد امام علی علیہ السلام نے شکست خوردہ لشکر کے زخمیوں اور فرار ہونے والوں کے خلاف کارروائی سے منع کیا اور عام لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کا حکم دیا۔ یہ طرزِ عمل جنگ کے بعد بھی عدل، انسانی حرمت اور اسلامی اصولوں کی پاسداری کی اہم مثال ہے۔

جنگِ جمل کا بنیادی سبق یہ ہے کہ سیاسی اختلاف جب عدل، اخلاق اور بصیرت سے محروم ہوجائے تو اس کی قیمت پوری امت کو ادا کرنی پڑتی ہے۔ تاریخ کا مطالعہ تعصب کے بجائے تحقیق کی بنیاد پر ہونا چاہیے، حق کو شخصی وابستگیوں پر ترجیح دینی چاہیے اور اختلاف کو تشدد و نفرت میں تبدیل ہونے سے روکنا چاہیے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button