شیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ، بھارت سے معاہدے پر عمل کی اپیل
شیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ، بھارت سے معاہدے پر عمل کی اپیل
بنگلہ دیش کی وزیرِ مملکت شمع عبید نے بھارت سے سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ کو حوالگی کے معاہدے کے تحت واپس بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش واپسی پر شیخ حسینہ کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
شیخ حسینہ اگست 2024 میں طلبہ تحریک کے نتیجے میں حکومت کے خاتمے کے بعد بھارت چلی گئی تھیں۔ انہیں بنگلہ دیش میں سزائے موت کا سامنا ہے، جبکہ ان کی جماعت عوامی لیگ پر بھی پابندی عائد ہے۔
شمع عبید نے حالیہ پُرتشدد واقعات کو عوامی لیگ کی سیاسی بقا کی کوشش قرار دیا۔ دوسری جانب عوامی لیگ کے رہنما خالد محمود چوہدری نے ان واقعات کی ذمہ داری موجودہ سیاسی انتظامیہ پر عائد کی ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق گزشتہ 10 روز کے دوران کم از کم 28 اضلاع میں دھماکوں اور گاڑیوں کو نذرِ آتش کرنے کے واقعات پیش آئے۔
ادھر بھارت کی وزارتِ خارجہ نے حوالگی کے مطالبے پر تازہ ردعمل نہیں دیا۔ تاہم، اس سے قبل وزارت نے کہا تھا کہ وہ بنگلہ دیش کی درخواست کا جائزہ لے رہی ہے۔ بنگلہ دیشی وزیرِ مملکت کے مطابق شیخ حسینہ کو واپس لانے کے لیے طیارہ بھیجنے کے معاملے پر بھارت سے کوئی باضابطہ بات چیت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ڈھاکا بھارت کے ساتھ ایسے متوازن تعلقات چاہتا ہے جن میں بنگلہ دیش کے قومی وقار اور مفادات کا تحفظ ہو۔




