خدائے متعال "اصل” اور معصومین علیہم السلام "فرع” ہیں، تمام امور اسی کے دستِ قدرت میں ہیں : آیتاللہ العظمیٰ شیرازی
خدائے متعال "اصل” اور معصومین علیہم السلام "فرع” ہیں، تمام امور اسی کے دستِ قدرت میں ہیں : آیتاللہ العظمیٰ شیرازی
قم المقدسہ میں آیتاللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی کی روزانہ علمی نشست منعقد ہوئی۔
آیتاللہ العظمیٰ شیرازی نے اہلِ بیت علیہم السلام کے مقامِ خلقت اور ان بزرگواروں سے توسل کے طریقے سے متعلق سوالات کے جواب میں اہم نکات بیان فرمائے۔
معظم لہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ خدائے متعال "اصل” ہے اور معصومینؑ اس کے "فرع” اور تربیت یافتہ ہیں، فرمایا کہ معتبر روایات کی بنیاد پر امورِ عالم میں اہلِ بیت علیہم السلام کا کردار ثابت اور درست ہے، لیکن خدائے متعال اور اہلِ بیت علیہم السلام کے درمیان بنیادی فرق یہ ہے کہ وہ حضرات اللہ کے بندے ہیں اور تمام امور اللہ تعالیٰ ہی کے ہاتھ میں ہیں۔
انہوں نے معصومینؑ کو براہِ راست مخاطب کرنے کے بارے میں بھی متنبہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اگر اس عمل کا مطلب خدائے متعال کی مخصوص صفات کو ان کی طرف منسوب کرنا نہ ہو تو کوئی حرج نہیں، تاہم بہتر یہ ہے کہ اہلِ بیتؑ سے توسل اور انہیں پکارنے کے لیے وہی جملے اور عبارات استعمال کی جائیں جو دعاؤں اور زیارات میں خود ان حضرات کی جانب سے ہمیں تعلیم دی گئی ہیں۔




